تازہ ترینکاروبار

ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالے دکانوں کو سیل کرنیکا فیصلہ

پشاور(  آوازچترال نیوز)۔صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلا س وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت جمعہ کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کورونا سے متعلق مختلف اْمور بشمول کیسز اور اموات کی تعداد، ٹیسٹنگ کی موجودہ استعداد، مختلف اضلاع میں جزوی لاک ڈاؤن کی صورتحال، احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے علاوہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں جزوی لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات اور ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں پر اس کے منفی اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر مشاورت کی گئی۔ صوبائی وزراء سلیم تیمور جھگڑا، شوکت یوسفزئی اور وزیراعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر، کور کمانڈر پشاور لیفٹنینٹ جنرل نعمان محمود، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور آئی جی پی ثناء اللہ عباسی اورمتعلقہ انتظامی سیکر ٹریوں کے علاوہ متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پہلے سے کھولے گئے کاروبار اور دکانوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی مانیٹرنگ کو سخت کرنے اور جن دکانوں میں ان ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اْنہیں جرمانہ کرنے کی بجائے مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے مناسب اقدامات اْٹھانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی کاروبار کو کھلا رہنے کی اجازت جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد سے مشروط ہو گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی کے اگلے اجلاس میں وفاق اور دیگر صوبوں سے مشاورت کی جائے گی تاہم حتمی فیصلے صوبے کی مخصوص معروضی حالات کو سامنے رکھ کر کئے جائیں گے۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا وباء کی وجہ سے حکومت کو دو مشکل صورتحال کا سامنا ہے ایک طرف لوگوں کو اس وباء سے بچانے کیلئے جزوی لاک ڈاؤن لگانا پڑرہا ہے تو دوسری طرف لوگوں کو بھوک اور افلاس سے بچانے کیلئے چھوٹی موٹی معاشی سرگرمیوں کو بھی جاری رکھنا ہے جس کے لئے حکومت کو دونوں صورتوں کے درمیان ایک مشکل توازن کو برقرار رکھنا پڑرہا ہے۔ اْنہوں نے کہاکہ حکومت جو بھی فیصلے لے رہی ہے وہ صرف اور صرف اپنی عوام کے تحفظ اور اْن کی بھلائی کیلئے لے رہی ہے، عوام کو چاہیئے کہ وہ اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ کورونا صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے سول انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس حوالے سے سول انتظامیہ اور پاک فوج کے درمیان مثالی روابط اور ہم آہنگی قائم ہے اور انشاء اللہ ہم سب مل کر اس صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہوں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button