حکومت کے یوٹیلی سٹور یونین سے معاملات طے پاگئے، یوٹیلٹی سٹور ملازمین نے ہڑتال ختم کردی
اسلام آباد ( آوازچترال نیوز) حکومت کے یوٹیلی سٹور یونین سے معاملات طے پاگئے، یوٹیلٹی سٹور ملازمین نے ہڑتال ختم کردی، وفاقی وزیرِ صنعت اور پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ یوٹیلی سٹورز کے کچھ ملازمین کی جانب سے ہڑتال کی جو کال دی گئی تھی وہ واپس لے لی گئی ہے، سٹورز کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن ان امتحان کے دنوں میں بہترین کام کر رہی ہے اور یہ کام جاری رہے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں کل جمعہ سے ہڑتال کا اعلان کردیا تھا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز یونین کے ایم ڈی اور چیئرمین سے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے جس کے بعد یونین نے ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب تک مطالبات نہیں منظور ہوتے تب تک سٹور نہیں کھولیں گے۔ اور اب حکومت کے یوٹیلی سٹور یونین سے معاملات طے پاگئے ہیں۔ دوسری جانب ملک میں کورونا کی وبا مزید پھیل رہی ہے اور آج بھی ملک بھر میں وائرس سے تاثرہ 642نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 11ہزار 155ہوگئی ہے جبہ اب تک وبا کے باعث 237مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اب تک ملک میں 1لاکھ 31ہزار 365ٹیسٹس کیے جاچکے ہیں جبکہ 2527افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق اب تک اسلام آباد میں 214کیسز سامنے آئے ہیں، پنجاب میں 4ہزار 767، سندھ میں 3ہزار 671، بلوچستان میں 607، خیبر پختون خوا میں 1541 ، آزاد جموں و کشمیر میں 55 اور گلگت بلتستان میں 300کیسز سامنے آئے ہیں۔جبکہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے 115 اضلاع میں کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل چکا ہے جبکہ پنجاب اور سندھ میں متاثرین کی تعداد حیران کن ہے۔