تازہ ترینصحت

لوری سرنگ کے قریب براڈام میں پہلا سمارٹ سینٹائزر واک تھرو گیٹ نصب.جو کورونا وائرس کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کرے گا

چترال(  نمائندہ آوازچترال )کوونا وائرس کی وباء کو روکنے اور چترال کو اس سے محفوظ رکھنے کیلئے تحصیل میونسپل انتظامیہ کوششوں میں مصروف ہے۔ اس سلسلے میں    لوری سرنگ کے قریب براڈام میں پہلا سمارٹ سینٹائزر واک تھرو گیٹ نصب کیا ہے جو کورونا وائرس کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔زیریں اضلاع سے جو بھی مسافر چترال میں داخل ہوگا وہ سب سے پہلے اس واک تھر و گیٹ سے گزرے گا جہاں اس کے اوپر جراثیم کش سپرے کیا جائے گا اور اس کے جسم کا درجہ حرارت بھی معلوم کیا جائے گا،اگر کسی مسافر کو ٹمپریچر ہو اس کے سنسرنظام کے ذریعے اس واک تھرو میں گھنٹی بجے گی جو اس مریض کی مزید تشخیص اور علاج کیلئے آسانی پیدا کرے گی۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عبد الحق نے کہا انتظامیہ اور متعلقہ ادارے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ یہاں واک تھرو گیٹ لگانے سے یہ فائدہ ہوگا کہ اس گیٹ میں سے گزرنے والوں پر جراثیم کش سپرے ہوگا اور اس میں تھرمامیٹر بھی لگا ہوتا ہے جس مسافر کو بھی بخار ہو یہ مشین اس کی نشاندہی کرے گا اور ایسے مسافروں کی مزید تشخیص اور علاج معالجے میں آسانی ہوگی۔ تحصیل میونسپل آفیسر مصبا ح الدین نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ تحصیل انتظامیہ کا عملہ دن رات محنت کرکے کرونا وائریس کی روک تھام کیلئے کوششیں کررہی ہیں جس میں مختلف عوامی مقامات، مساجد، ہسپتال، سبزی منڈی، چوراہوں وغیرہ میں جراثیم کش سپرے کرنا، لوگوں میں ماسک، سینٹائزر اور دستانے مفت تقسیم کرنا شامل ہیں۔ ٹی ایم او مصباح الدین نے کہا ہم محدود وسائل میں اپنے بساط کے مطابق کوشش کرتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وباء کو مزید پھیلنے سے روکیں مگر بدقسمتی سے چترال میں اب یہ وباء آچکا ہے تو اب ہمیں مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ عشریت، براڈام چترال کا گیٹ وے ہے جہاں دیگر اضلاع سے آنے والے لوگ اس واک تھرو میں سے گزرنے کے بعد وائرس کے اثرات سے پاک ہوکر چترال میں داخل ہوں گے اور امید ہے اس سے کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کا خطرہ کم سے کم ہوگا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button