تازہ ترین

رواں سال حج کا انعقاد مشکل ہے.نورالحق قادری

کراچی ( آوازچترال نیوز) وفاقی وزیرمذہبی امورنورالحق قادری کا کہنا ہے کہ رواں سال حج کا انعقاد مشکل ہے، سعودی فرمانروا تمام آپشنز دیکھ کر فیصلہ کرینگے، سعودی حکومت اس حوالے سے پاکستان کو اعتماد میں لے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمذہبی امورنورالحق قادری کا کہنا ہے کہ رواں سال حج کے انعقاد کے حوالے سے جلد حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔سعودی حکومت پاکستان کو اعتماد میں لے کر اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرے گی۔ سعودی فرمانروا تمام آپشنز دیکھ کر فیصلہ کرینگے، جبکہ ان کی رائے میں رواں سال حج کا انعقاد مشکل ہے۔ اس حوالے سے کچھ روز قبل جاری کیے گئے بیان میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ 15 رمضان المبارک تک حج ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ ہوجائے گا۔   سعودی وزارت حج سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ سعودی وزارت حج نے فی الوقت کوئی بھی معاہدہ کرنے سے روک رکھا ہے۔ سعودی حکومت کورونا پھیلاؤ کو مکمل طور پر دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شاید سعودی عرب میں رہنے والے ہی صرف حج کی سعادت حاصل کرسکیں۔ اسلامی تاریخ میں 40 مرتبہ سے زائد حج مکمل یا جزوی طور نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سعودی عرب نے ایک ملین سے زائد مسلمان زائرین سے اپیل کی تھی کہ وہ رواں برس حج کرنے کے ارادے کو فی الحال موخر کر دیں۔حج کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ آئندہ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی کیا جائے گا۔سعودی عرب نے دنیا بھر میں مسلمانوں کو کہا ہے کہ وہ حج کرنے کے پلان کو اس وقت تک روک دیں جب تک کے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق صورتحال واضح نہیں ہو جاتی۔ سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ صالح بن طاہر بنتن نے کہا تھا کہ ہم نے دنیا سے کہا ہے کہ حج کرنے کی تیاری میں جلد بازی نہ کرے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کے لیے حاجیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور سعودی عوام کی صحت اولین ترجیحات ہیں۔مسلمانوں کا سب سے بڑا سالانہ اجتماع اس سال جولائی کے آخر میں ہونا ہے لیکن کورونا وائرس کی وبا اور سعودی عرب کی جانب سے لاک ڈان کے باعث اب یہ حتمی طور پر کہنا مشکل ہو گیا ہے کہ کیا اس سال حج کا اہتمام کرنا ممکن ہو گا یا نہیں۔ حج کا فریضہ ادا کرنے کے لیے ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں۔سعودی عرب نے پہلے ہی عمرہ کرنے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ سعودی عرب نے مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس شہر مکہ اور مدینہ میں بھی کرفیو نافذ کیا ہوا ہے اور کسی کو ان شہروں میں داخل ہونے اور یہاں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button