چیف جسٹس پاکستان نے حکومت آئینہ دکھا دیا۔ وزیراعظم نے کابینہ کے نام پر بھان متی کا کنبہ بنایا ہے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان

پشاور(آوازچترال نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے حکومت آئینہ دکھا دیا۔ وزیراعظم نے کابینہ کے نام پر بھان متی کا کنبہ بنایا ہے۔ دوسری جماعتوں کے کرپٹ سیاستدانوں کو اپنی پارٹی میں شامل کرکے انہیں وزارتیں دیں اور مشیر بنائے۔ چیف جسٹس کے ریمارکس پر وزیراعظم اور ان کی کابینہ کو شرم آنی چاہئے۔ وزیروں اور مشیروں کی فوج ظفر موج کے ساتھ بھی دو سالہ کارکردگی صفر سے آگے نہیں بڑھ سکی۔کورونا وبا سمیت دیگر قومی اور بین الاقوامی معاملات پر حکومت تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ ملا کر متفقہ حکمت عملی مرتب کرکے اقدامات اٹھائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کو آئے ہوئے دوسرا سال پورا ہونے کو ہے لیکن ابھی تک کوئی بھی کام ڈھنگ سے نہ کرسکی۔ معیشت کا برا حال ہے، مہنگائی اور بیروزگاری میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے۔ ڈالر کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ پہلے ہی عوام کی حالت خراب تھی اب کورونا نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی۔ انہوں نے کہا کہ چینی بحران کے حوالے سے لیک ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ نے ثابت کردیا کہ حکومت جماعت میں شامل کچھ وزیروں نے چینی بحران کے دوران اربوں روپے کمائے۔ وزیر اعظم نے انہیں وزارتوں سے ہٹانے یا ان کا احتساب کرنے کی بجائے شاباشی میں ان کی وزارتیں تبدیل کردیں۔