شبر زیدی کو چیئرمین ایف بی آر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا
اسلام آباد(آوازچترال نیوز ) شبر زیدی بطور چیئرمین ایف بی آر کے عہدے سے فارغ ہو گئے ہیں جس کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد گریڈ 22 کی افسر نوشین جاوید امجد کو چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کر دیا گیا ہے۔ نوشین جاوید امجد شبر زیدی کی غیر موجودگی میں قائم مقام چیئرپرسن کام کر رہی تھیں۔ا س سے قبل 2 مرتبہ شبر زیدی غیر معینہ مدت کے لئے رخصت پر جا چکے ہیں جس کے بعد نوشین جاوید امجد ان کی جگہ فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔لیکن اب وفاقی حکومت کی جانب سے شبرزیدی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جس کے بعد نوشین جاوید امجد کو ہی چیئرپرسن ایف بی آر مقرر کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔ منظوری کے بعد نوٹس جاری کر دیا گیا۔ پہلی مرتبہ شبر زیدی نے بیماری کی وجہ سے رخصت پر جانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن کچھ عرصہ قبل وہ بھر رخصت پر چلے گئے تھے جس کی وجہ ان کی اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے درمیان تلخی بتائی جا رہی تھی۔ دونوں کے درمیان تلخی کی خبریں بہت زیادہ گردش کر رہی تھیں جس کے بعد ایک دم سے شبر زیدی نے ایک مرتبہ پھر رخصت پر جانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔اس سےقبل فروری میں ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے خود بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ ممکن ہے کہ وہ زیادہ دیر اپنے عہدے پر کام نہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری اس بارے میں و زیراعظم عمران خان سے بھی بات ہوئی ہے کہ میں زیادہ دیر کام نہیں کر سکتا، مجھے ڈاکٹروں نے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے، میر ی طبیعت ناساز رہتی ہے۔یاد رہے کہ شبر زیدی کو بطور چیئرمین ایف بی آر مئی 2019 میں مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد آج انہیں عہدے سے ہٹا کر 22 گریڈ کی افسر نوشین جاوید امجد کو چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کر دیا گیا۔