107

ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 2637 ٗ اموات 40ہو گئیں

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے آج 3 اپریل کو مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2 ہزار 637 ہوگئی جبکہ اب تک 40 افراد اس وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔

گزشتہ روز یعنی 2 اپریل کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید 181 کیسز اور 3 اموات ریکارڈ کی گئیں جس میں 2 افراد کی سندھ اور ایک کی خیبرپختونخوا میں موت واقع ہوئی۔ 26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیا جس کے بعد اس عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

اس وقت پنجاب اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں کیسز کی تعداد 1069 ہوگئی ہے، اس کے بعد سندھ ہے جہاں آج کے نئے کیسز کے بعد تعداد 783 تک جا پہنچی ہے۔ خیبرپختونخوا بھی اس وائرس سے کافی متاثر ہوا اور وہاں 343 افراد اس کا شکار ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 175 ہے۔

اسی طرح اسلام آباد میں 68 ، گلگت بلتستان میں 190 اور آزاد کشمیر میں 9 لوگ اس مہلک وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ ملک میں اس وائرس سے ہونے والی اموات کو دیکھیں تو سندھ میں سب سے زیادہ 14 لوگ انتقال کرچکے ہیں جبکہ پنجاب میں 11، خیبرپختونخوا میں 11، گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں ایک فرد جان کی بازی ہار چکا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سندھ میں ہونے والی ان 14 میں سے 12 اموات کراچی میں جبکہ 2 اموات حیدر آباد میں ہوئیں۔ ایک طرف جہاں اموات اور کیسز ہیں تو دوسری طرف وہ 126 صحتیاب مریض بھی ہیں جنہوں نے اس وائرس کے خلاف جنگ جیتی اور مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔ آج کے کیسز کی بات کریں تو سندھ میں دو اموات اور کیسز، پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں مزید کیسز سامنے آئے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت میں ایک اور موت کی تصدیق کردی گئی۔

سندھ

محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کورآرڈینیٹر میران یوسف نے بتایا کہ 22 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے کے کیسز کی مجموعی تعداد 783 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کیسز کی تفصیلات کے بارے میں بتایا کہ کراچی میں 6، حیدرآباد میں 14 اور گھوٹکی میں تبدیلی جماعت سے مقامی طور پر منتقل ہونے والے 2 نئے کیس کی تصدیق ہوئی۔

ان نئے کیسز کے بعد سندھ کی مجموعی تعداد کو اگر شہروں کے حساب سے دیکھیں تو کراچی اس وقت 342 کیسز کے ساتھ سب سے آگے ہے، اس کے بعد حیدرآباد میں 151، شہید بینظیر آباد میں 6، گھوٹکی میں 2، دادو اور جیکب آباد میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

مزید برآں سکھر میں 273 اور لاڑکانہ میں 7 کیسز ایسے ہیں جو ایران سے آنے والے زائرین ہیں۔ ان تمام 783 کیسز میں 438 کیسز ایسے ہیں جو مقامی طور پر منتقل ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں سندھ میں مزید 3 اموات کی تصدیق کردی گئی جس کے بعد صدبے میں وائرس سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی۔ محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کورآرڈینیٹر میران یوسف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرصحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کراچی میں 2 اموات کی تصدیق کی۔

انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی عمر 82 اور 60 سال تھی اور دونوں مریضوں میں یکم اپریل کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جبکہ یہ مقامی طور پر منتقلی کے کیسز تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ 60 سالہ مریض کو دل کی بیماری تھی اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے جبکہ 82 سالہ مریض کو گردوں کے مسائل کا سامنا تھا۔

بعد ازاں عذرا پیچوہو نے حیدر آباد میں کورونا سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ 54 سالا شخص کو 3 اپریل کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی بعد زیر علاج رکھا گیا تاہم مریض ذہنی مسائل اور قوت مدافعت کم ہونے کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکا۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے 8 نئے کیسز سامنے آئے۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف نے صوبے میں نئے کیسز کے بعد 928 مصدقہ کیسز ہیں جبکہ اب تک 11 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے مریض لاہور میں سامنے آئے جس کے بعد شہر میں متاثرین 204 ہوگئے، اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان سے 213، ملتان سے 91، رائے ونڈ قرنطینہ سے 142 اور فیصل آباد قرنطینہ سے 5 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

ترجمان کے مطابق متاثر ہونے والے دیگر افراد کا تعلق صوبے کے باقی علاقوں سے ہے۔ بعد ازاں انہوں نے صوبے میں مزید 84 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد ایک ہزار عبور کرکے 1012 ہوگئی۔

جند گھنٹے بعد ترجمان نے پنجاب میں 57 نئے کیسز سامنے آنے کا بتایا جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1069 ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے کیسز میں کیمپ جیل لاہور کے 3 قیدی بھی شامل ہیں جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

اسلام آباد

ادھر اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔ سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 68 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز نے کورونا وائرس کے مزید 32 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 343 ہوگئی۔ ڈائریکٹوریٹ نے سوات اور مانسہرہ میں 2 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی۔

بلوچستان

ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کورونا وائرس سیل بلوچستان کے ترجمان نے صوبے میں آج مزید 6 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 175 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 401 ہے۔

گلگت بلتستان

انہیں اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں بھی 3 نئے کیسز آئے اور وہاں متاثرین کی تعداد 190 تک پہنچ گئی۔ قبل ازیں گلگت بلتستان کی حکومت نے نوول کورونا وائرس سے مزید ایک افراد کی موت کی تصدیق کی تھی۔ اس حوالے سے  رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ضلع استور میں ایک مصدقہ بزرگ کیس کی موت کے بعد وہاں اموات کی تعداد 3 تک پہنچ گئی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ علاقے میں 8 مصدقہ کیسز کے دوبارہ کیے گئے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔

Facebook Comments