سر کاری ملازمین کو ڈپٹی کمشنرز سے تعاون کر نے کی ہدایت

پشاور۔(آوازچترال رپورٹ) صوبے کے مختلف اضلاع کی ضلعی انتظامیہ نے مقامی سرکاری محکموں کے اہلکاروں کی جانب سے ایمرجنسی صورت حال میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون نہ کرنے کی شکایت کی ہے۔چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامی سیکر ٹریوں کو اپنے اپنے لائن ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کا پابندبنانے کی ہدایت کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں بعض ڈپٹی کمشنرز نے چیف سیکرٹری کے دفتر میں قائم پی ایم آر یو کو شکایت کی تھی کہ ان کے اضلاع میں موجود لائن ڈپیارٹمنٹ کے ملازمین کورونا وائرس کے حوالے سے ایمرجنسی حالات میں بھرپور تعاون نہیں کررہے یہ ملازمین نہ صرف اکثر اوقات دفاتر میں ڈیوٹی پرموجود نہیں ہوتے بلکہ ٹیلی فون کا لز بھی اٹینڈ نہیں کرتے نہ بعد میں کال بیک کرتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کورونا وائر س کے حوالے حکومتی اقدامات پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ ضلعی انتظامیہ کے ان شکایا ت کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخو ا کی جانب سے تمام انتظامی سیکرٹریوں کو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اضلاع میں قائم اپنے اپنے لائن ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کو اس بات کا پابند بنائیں کہ 19مارچ کو جاری ہونیوالے سرکاری احکامات کی روشنی میں تمام ضروری خدمات کے محکمے حسب معمول کھلے رہیں گے اور ان میں خدمات انجام دینے والا ضروری سرکاری عملہ اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے پیشگی اجازت کے بغیر اپنے سٹیشن نہیں چھوڑیں گے۔مراسلے میں انتظامی سیکرٹریوں کو مذید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اضلاع میں اپنے لائن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہوں کو ہدایت کرے کہ وہ اپنے ماتحت عملے کوا س بات کا پابندبنائے کہ اپنے اپنے دفاتر میں اپنی موجودگی یقینی بناکر اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ رابطہ رکھیں۔