جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد

پشاور(آوازچترال رپورٹ)۔خیبرپختونخوا کی جیلوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر قیدیوں سے ملنے اورلوگوں کی آمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ جیل آنے والے نئے قیدیوں کو علیحدہ بیرکس میں رکھنے کے احکامات دیئے گئے ہیں اس حوالے سے انتظامیہ کو بھی آگاہ کردیاگیاہے یہ احکامات ایڈمنسٹریٹیو ججز برائے جیل خانہ جات خیبرپختونخوا جسٹس روح الامین خان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے جاری کیے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق سنٹرل جیل پشاور سمیت صوبے کی تمام جیلوں میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ بند کردیا گیا ہے جبکہ مختلف جرائم میں گرفتارنئے ملزمان کو پہلے سے قیدافراد سے علیحدہ بیرکوں میں رکھا جائے گا اسی طرح جیلوں میں تعینات ڈاکٹروں کو نئے قیدیوں کے میڈیکل چیک اپ کی ہدایت کی گئی ہے اوروہ ایسے قیدی جنہیں علیحدہ رکھنے کی ضرورت ہے ان سے متعلق باقاعدہ سرٹیفکیٹ پیش کریں گے کورونا سے بچا ؤکے حوالے سے احتیاطی تدابیراپنانے پر زوردیتے ہوئے جیلوں کے عملے کو احکامات دیئے گئے ہیں کہ وہ قیدیوں سے دوررہیں جبکہ عملے کو کھانے کیلئے کچن میں جانے سے بھی روک دیا گیا ہے جبکہ قیدیوں کو گرم پانی فراہم کرنے اورانہیں صحت وصفائی کا خیال رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔