
پشاور۔(آوازچترال رپورٹ) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر ڈصوبے میں تمام غیر ضروری سرکاری دفاتر اور ڈائریکٹریٹ عارضی طورپر 15دنوں کے لئے بند کرنے اور خواتین ملازمین سمیت پچاس سال سے زائد عمرکے سرکاری ملازمین کو رخصت پر بھیجنے اور دفاتر میں غیر ضروری کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے صوبائی محکمہ ریلیف کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق انتظامی سیکرٹریوں کو اختیار دیا گیا ہے کہ ایسے غیر ضروری سرکاری دفاتر بشمول ڈائریکٹریٹ،ماتحت محکموں کی نشاہدی کرکے چیف سیکرٹری کو رپورٹ پیش کریں کہ مذکورہ سرکاری دفاتر کو پندرہ روز کے لئے بندکیا جائے،سیکرٹریز تمام دفاتر،ڈائریکٹریٹ،ماتحت محکموں اور خود مختار و نیم خود مختار اداروں میں ایسے سرکاری ملازمین کی نشاندہی بھی کریں۔ جوکہ غیر ضروری ہو تاکہ انہیں بھی پندرہ روز کے لئے رخصت پر بھیجاجاسکے۔جبکہ دفاتر میں مختصر سٹاف رکھا جائے گا۔اعلامیہ کے مطابق آسامیوں پر تقرری کے لئے شیڈول ہونے والے تمام ٹسٹ او رانٹرویوز منسوخ کردئیے گئے محکمہ انتظامیہ اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے زرئیے صوبائی اسمبلی کے تمام ممبرا ن کو سماجی تقریبات محدود کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق پچاس سال سے زائد سرکاری ملازمین اور خواتین ملازمین کو پندرہ دنوں کی رخصت پر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں میں عارضی طور پر وزیٹرز کو داخلہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔