118

3وزراء کی فراغت کے بعد وزیر اعلیٰ کی نئی حکمت عملی

پشاور(آوازچترال رپورٹ)۔صوبائی کابینہ سے تین وزراء کی فراغت کے بعدوزیر اعلیٰ محمود خان نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتر آئے ہیں ورکرزکنونشن،رابطہ عوام مہم کے ساتھ ساتھ تینوں وزراء کے اضلاع میں اہم شمولیتوں کاسلسلہ بھی شروع کیاجائے گا جس کا آغازچکدرہ اورپشاور میں عوامی اجتماعات کے انعقاد اور وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے حاجی نسیم الرحمان کی ملاقات سے ہوچکاہے بدھ کو مردان سے تعلق رکھنے والے ممتاز صنعت کار و سابق ممبر قومی اسمبلی حاجی نسیم الرحمن، سابق چیئرمین خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ فیصل سلیم الرحمن، اسد سلیم الرحمن، حیدر نسیم الرحمن نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کی واضح رہے کہ نسیم الرحمن وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ ساتھی ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو دورہ مردان کی دعوت دی. ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی محمود خان کو ضلع مردان میں جاری ترقیاتی منصوبے و سیاسی معاملات خود دیکھنے کی ہدایت بھی کی. ملاقات میں صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، سی پیک پراجیکٹ، رشکئی انڈسٹری زون سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہواذرائع کے مطابق اگلے چندروز میں ضلع مردان سے اہم شمولیتوں کاامکان ہے جس کے بعد دیگر دو اضلاع سے بھی پاکستان تحریک انصاف میں اہم شمولیتیں کی جائیں گی اسی طرح وزیر اعلیٰ محمود خان ملاکنڈ اوروسطی اضلاع میں رابطہ مہم میں بھی تیزی لانے والے ہیں جس کے لیے مقامی پارٹی قیادت اورایم پی ایزکو بھی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ مستقبل میں معزول وزراء کی وزیر اعلیٰ مخالف سیاسی سرگرمیوں کو کاؤنٹر کیاجاسکے اس سلسلہ میں مرکزی قیادت کو بھی اعتماد میں لیا جاچکاہے جس کے بعد رابطہ اورشمولیتی مہم تیز کی جائے گی۔