83

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو مزید 4 ماہ کیلئے گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد ( آوازچترال نیوز ) ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو مزید 4 ماہ کیلئے گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا، پاکستان کی کارکردگی بہتر رہی تاہم مزید اقدامات کی ضرورت پر زور، چین، ترکی اور ملائیشیا کی حمایت کے باعث بلیک لسٹ ہونے کا خدشہ ٹل گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں تاہم ابھی بھی مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان مزید 4 ماہ کیلئے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں برقرار رہے گا۔ پاکستان کو بلیک لسٹ کیے جانے کا خطرہ ٹل چکا ہے۔ پیرس میں ہوئے اجلاس کے دوران چین، ترکی اور ملائیشیا کی حمایت کے باعث پاکستان کیخلاف کوئی سخت قدم نہیں اٹھایا گیا۔   اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا بلیک لسٹ میں جانے کا خطرہ ٹل گیا ہے، باضابطہ اعلامیہ جمعہ کو جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کا کہنا 13 کارکردگی اہداف پر جون 2020 میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔جبکہ حتمی جائزہ ستمبر 2020 تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی جائے گی۔ پیرس میں جاری اجلاس کے دوران پاکستان کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا ۔پاکستانی حکام نے اجلاس کے شرکا کو دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف کی گئی کارروائی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ فنڈنگ روکنے کے لیے تمام اہداف پر پیشرفت کی گئی ہے۔پاکستانی وفد نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد پر جرمانہ دگنا کرنے کی قانون سازی آخری مراحل میں ہے جبکہ 27 ایف اے ٹی ایف کے اہداف میں سے 14 پر واضح پیشرفت کی ہے۔ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی جائیدادیں ضبط کی جائیں گی۔ جبکہ مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹ کا ڈیٹا 5 سال کی بجائے 10 سال تک رکھا جائے گا۔ اجلاس میں دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی اور رپورٹ پر رکن ممالک نے اطمینان کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایف اے ٹی ایف حکام کے بیجنگ اجلاس میں پاکستان کو اس وقت بڑی کامیابی حاصل ہوئی تھی جب بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود بیشتر ممالک نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا تھا۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دیے گئے بیشتر ٹاسک پورے کرنے میں کامیاب رہا ہے، جس کے بعد اب پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیے جانے کے واضح امکانات ظاہر کئے جا رہے تھے۔