290

واپڈا میں 10ہزار آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع

اسلام آباد۔(آوازچترال رپورٹ)ٌ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں نوکریوں کی فراہمی کا عمل شروع کردیا گیا ہے‘ پہلے مرحلے میں 10 ہزار سے زائد بھرتیاں کی جائیں گی۔ پیر کو قومی اسمبلی میں فضل محمد خان و دیگر کے توجہ مبذول نوٹس پر عمر ایوب خان نے ایوان کو بتایا کہ تقسیم کار کمپنیوں میں بھرتیوں کا عمل جاری ہے۔ 1999ء سے کوئی بھرتی نہیں ہوئی۔ ہائرنگ کی فریزنگ کی وجہ سے سٹاف کی بہت کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ حکومت نے کوئی کام نہیں کیا۔ 10870 پوسٹوں کے لئے اشتہار جاری کئے ہیں۔ پیسکو میں ٹیسٹ اور انٹرویوز ہو رہے ہیں۔ سارا عمل شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔ کوشش ہوگی کہ امیدواروں کوان کے اپنے علاقوں میں تعینات کیا جاسکے۔ فضل محمد خان کے ضمنی سوال پر انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں سٹاف کی کمی کی وجہ سے مسائل پیش آتے رہے ہیں۔ اسی وجہ سے بھرتیوں کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کار کمپنیاں بہت بڑی بڑی کمپنیاں بن گئی ہیں۔ ان کمپنیوں کو ہم توڑ رہے ہیں۔ بہت جلد یہ عمل پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی فراہمی اور سیفٹی کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ملک احسان اللہ ٹوانہ کے ضمنی سوال پر انہوں نے کہا کہ ضروری آسامیوں کی تعداد 23960 ہے۔ پہلے فیز میں 10870 دیں گے۔ باقی بھرتیاں اگلے مراحل میں ہوں گی۔ شیر اکبر خان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پپسکو آسامیاں 3590 ہے کوشش ہوگی کہ مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے۔

Facebook Comments