131

عمران خان اور جہانگیرترین میں دوریاں پیدا ہوگئیں، ہارون الرشید

لاہور( آوازچترال نیوز) سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا ہے کہ عمران خان اور جہانگیرترین میں دور پیدا ہوگئی ہے ،عمران خان چینی کے معاملے پر جہانگیرترین سے ناخوش تھے، ایک دوروز میں چیزیں واضح ہوجائیں گی،خسروبختیار کے خلاف تحقیقات شروع ہوگئیں، وہ بھی ناراض ہیں ، جہانگیرترین کا ان سے بھی رابطہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بحران اتنا بڑا نہیں ہے ، جتنا کم فہمی کی وجہ سے بحران کو بڑا کیا جارہا ہے۔اس وقت حکومت کے سارے حلیف ناراض ہیں، پی ٹی آئی میں جو لوگ اتحادیوں کو منانے کی صلاحیت رکھتے تھے ان کو چلتا کیا۔حلیفوں کو منانے والی کمیٹی میں صرف جہانگیرترین نہیں بلکہ پرویز خٹک بھی اس کمیٹی میں تھے۔   شہزاد اکبر بھی کمیٹی میں شامل تھے۔ جہانگیرترین اور پرویز خٹک دونوں جوڑ توڑ کے ماہر ہیں ۔میں نے بڑی کوشش کی جہانگیرترین سے رابطہ کرنے کی لیکن ان کا فون بند جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بالکل واضح خبرہے کہ عمران خان اور جہانگیرترین میں دوری ہوگئی ہے۔ایک بات اتحادی کررہے ہیں کہ جہانگیرترین کے ساتھ مذاکرات بہتری کی جانب جارہے تھے، دوسری بات یہ کہ عمران خان چینی کے معاملے پر جہانگیرترین سے ناخوش تھے، ایک دوروز میں چیزیں واضح ہوجائیں گی۔ خسروبختیار کے خلاف تحقیقات شروع ہوگئیں، وہ بھی ناراض ہیں ہوسکتا ہے جہانگیرترین کا ان سے بھی رابطہ ہو، چینی مہنگی ہوگئی، اب باہر سے درآمد کی جارہی ہے، گنا کم پیدا ہوا، لوگوں نے گڑبنایا ہے ، آٹے اور چینی کا بحران پیدا ہوا۔واضح رہے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے جہانگیرترین والی کمیٹی تبدیل کرنے اور وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بابا بلھے شاہ کا شعر سنایا، اگلی توں نہ پچھلی توں ، میں صدقے جانواں وچلی توں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں سے مذاکرات کیلئے اب حکومت کی نئی کمیٹی سامنے آگئی ہے، ایک کمیٹی بنائی جاتی ہے اور دوسری کمیٹی ڈالی جاتی ہے۔ ہم نے بھی ایک کمیٹی ڈالی ہے جو ابھی نکلی نہیں۔ حکومت نے پہلے ایک کمیٹی بنائی جس کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہو رہے تھے، ہمیں حکومت کی نئی مذاکراتی کمیٹی کی سمجھ نہیں آئی۔

Facebook Comments