تازہ ترین

بلدیاتی انتخابات ٗ سالانہ نظرثانی فہرستوں پر کام کا آغاز

پشاور(آوازچترال رپورٹ)۔صوبائی الیکشن کمشنر،خیبرپختونخواپیرمقبول احمد نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں انتخابی فہرستوں کی سالانہ نظرثانی پر کام کاآغازکردیاہے اور ان فہرستوں کو عوام کے معائنے کے لئے 24جنوری 2020تک ڈسپلے(نمائشی) مراکز میں رکھے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے کوائف معلوم کرکے درستگی کردیں اور اگر کسی کا نام درج نہ ہو تو اپنا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرسکیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پشاور میں الیکشن کمیشن کی جانب سے خواجہ سراؤں کے لئے کئے گئے اقدامات کے حوالہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنڈر افیئرز ہارون خان شنواری، ڈائریکٹر الیکشن خوشحال زادہ، جنڈر فوکل پرسن سہیل احمد اور الیکشن کمیشن کے افسران، عملہ سمیت، سول سوسائٹی کے نمائندوں، خواجہ سراوں کے نمائندوں، ڈاکٹر ثمینہ آفریدی نے شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ تمام محروم طبقات کی انتخابی عمل میں شمولیت یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں آج کی یہ تقریب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، الیکشن کمیشن نے پہلی دفعہ گزشتہ عام انتخابات میں انتخابی عمل کی آبزرویشن کیلئے 25خواجہ سراوں کو کارڈ جاری کئے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ملک میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے، مرد و خواتین اور معذور افراد کی انتخابی عمل میں شرکت یقینی بنانے کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ خیبرپختونخواکے لوگوں میں آئندہ بلدیاتی ا نتخابات سے متعلق آگاہی اور آئندہ عام انتخابات میں ووٹوں کی شرح بڑھانے کے لئے ووٹر ایجوکیشن کا سلسلہ جاری ہے،ہمارا شعبہ جنڈر اس سلسلے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، اضلاع کی سطح پر ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاں بھی فعال کی گئی ہیں تا کہ عوام اور ووٹروں کو ووٹ کے اندراج اور حق رائے دہی کے استعمال کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ اس قومی فریضہ میں تعاون کریں تاکہ صوبے میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات شفاف انداز میں منعقد ہوسکیں۔ خواجہ سرا بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور 2018میں ان کے حقوق کے لئے ایکٹ منظور کیا گیا جس کے تحت ان کو عام شہریوں کے برابر حقوق حاصل ہیں،خواجہ سراء الیکشن بھی لڑ سکتے ہیں اسی لئے انتخابی فہرستوں میں اپنا اندراج یقینی بنائیں تاکہ انتخابات ہر لحاظ سے شفاف منعقد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنا رویہ درست کرنا چاہیے، اس طرح کے سیمینارز انتہائی اہم ہیں۔قبل ازیں ڈاکٹر ثمینہ آفریدی نے خواجہ سراوں کی قومی دھارے میں شمولیت کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی، خواجہ سراؤں کے نمائندوں میڈم آرزو اور فرزانہ نے بھی خطاب کیا اور سیمینار کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button