91

ہاؤسنگ سکیموں کیلئے جگہوں کا تعین ٗ صوبائی وزیر کو ٹاسک حوالے

پشاور(آوازچترال رپورٹ)۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تمام اضلاع میں ہاؤسنگ سکیمیں شروع کے لیے مقامات کی تلاش کی ہدایات جاری کردی ہیں اس سلسلہ میں گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سے صوبائی وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے پشاور میں ملاقات کی ملاقات میں وزیر اعلی نے صوبائی وزیر کو تمام اضلاع میں ہاؤسنگ سکیموں کے لئے جگہوں کے تعین کا ٹاسک دیا۔ساتھ ہی وزیر اعلی نے ڈاکٹر امجد علی کو صوبے میں جاری ہاوسنگ سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں ہاوسنگ کے شعبے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔ اس شعبے میں حکومتی اقدامات سے نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کو تقویت ملے گی اور اسے جلد تمام اضلاع میں شروع کیا جا سکے گا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ ہاوسنگ کا قلمدان ملنے کے بعد کوشش کرینگے کہ گزشتہ سولہ ماہ کی کمی کا ازالہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سی پیک سٹی پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے صوبائی حکومت ملاکنڈ ڈویڑن میں بھی ہاوسنگ کے شعبے میں خصوصی توجہ دے گی۔ تاکہ بے گھر افراد کو چھت کی سہولت میسر آسکے۔

Facebook Comments