147

وزیراعظم نے اسمبلیاں توڑنے کا حکم نامہ لکھوا دیا

لاہور( آوازچترال نیوز ) سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے اسمبلیاں توڑنے کا تحریری حکم نامہ لکھ لیا ہے، اسمبلیاں توڑنے کا حکم نامہ صدرمملکت عارف علوی کے پاس رکھوایا ہوا ہے، جب بھی عمران خان کو لگا کہ سازش ہورہی ہے اور حکومت کو ختم کیا جا رہا ہے، تواسمبلیاں توڑ دیں گے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن اب اسٹیبلشمنٹ پر نقطہ چینی نہیں کرے گی بلکہ حکومت پر تنقید کرے گی، اور ہدف عمران خان ہوگا، عمران خان کی کردار کشی کرے گی۔عمران خان ان کا جواب نہیں دیں گے ان کے پاس متعدد رضاکار ہیں جو ان کے بیانات کا جواب دیں گے۔جس طرح کا ماحول پیدا کیا گیا ہے اس سے سیاسی کشیدگی ہوگی، اسٹیبلشمنٹ کوشش کررہی ہے کہ سمجھوتہ ہوجائے۔ یہ بھی سوچ پائی جارہی ہے کہ ان کو حکومت یا پنجاب حکومت میں حصہ دے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو لگا کہ ان کے خلاف سازش ہورہی ہے تووہ اسمبلیاں توڑ دیں گے۔ میری معلومات کے مطابق عمران خان نے اسمبلیاں توڑنے کا حکم لکھ کرعارف علوی کے پاس رکھا ہوا ہے۔ اب میں عارف علوی سے تو پوچھ نہیں سکتا، اگر پوچھوں تو وہ بتائیں گے نہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے ممبران توڑنے کی کوشش ہورہی ہے۔ خان صاحب کرکٹ کے توبہت اچھے کھلاڑی ہیں لیکن سیاست کے کھلاڑی نہیں ہے۔ واضح رہے آج حکومتی اتحادی جماعت ایم کیوایم نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔سینئررہنماء خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ہمارے تحفظات ہیں لیکن ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو منانے کا وزیراعظم کا ٹاسک بے سود ہوگا، ایم کیو ایم اگردوبارہ اتحادی بنے گی تو واپس چلی جائے گی، حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں، پھر کیسے کسی میں صلح کروائیں گے؟ آج جو پیشرفت ہوئی ہے۔ اس سے اگلے3 یا 6 میں حکومت ختم ہوسکتی ہے۔ ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انہیں ووٹ دیا۔ ووٹ کوعزت دینے کا نعرہ نوازشریف نے لگایا تھا مگر اب ہر ووٹر یہی نعرہ لگا رہا ہے۔