76

پنجاب پولیس کو خیبرپختونخوا کی طرح دیکھنا چاہتا ہوں..وزیراعظم عمران خان

میانوالی ( آوازچترال نیوز) وزیراعظم عمران خان نے میانوالی سٹی پولیس سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے ماڈل پولیس سٹیشن پورے پنجاب کیلئے ماڈل بنیں گے۔ پولیس کلچر کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ماڈل پولیس سٹیشن کا افتتاح کلچر کی تبدیلی کی جانب قدم ہے۔ماڈل پولیس سٹیشن کا قیام عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اہم ہیں۔وزیراعظم عمران نے میانوالی تقریب میں خطاب کے دوران کہا کہ اصلاحات سے کے پی کے پولیس کو مثالی بنایا۔ پنجاب پولیس کو بھی کے پی کے کی  طرح دیکھنا چاہتا ہوں۔ پنجاب پولیس کی پوری مدد کریں گے ۔ پنجاب حکومت بھی پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔عوام کو پنجاب پولیس میں تبدیلیاں نظر آئیں گی تو پورا پنجاب پولیس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ انگریزوں کے قوانین ٹھیک کرنے کی ضرورت تھی۔ ماضی میں سیاستدان اپنے پولیس افسر لگا کر ذاتی کام کراتے تھے۔ واضح رہے افتتاح کئے گئے ماڈل پولیس سٹیشن میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔  وزیرِ اعظم عمران خان نے عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے عملی اقدامات کے تحت ہفتہ کو میانوالی میں ماڈل پولیس سٹیشن کا افتتاح کر دیا۔ قبل ازیں پولیس سٹیشن آمد پر وزیر اعظم کو پنجاب پولیس کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔بعد ازاں وزیر اعظم نے پولیس سٹیشن کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے پولیس محکمے کے حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ،آئی جی پنجاب اور دیگر اعلی حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔آئی جی پنجاب نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور تھانوں کے نظام میں بہتری کے لئے پنجاب پولیس کے اقدامات کے تحت صوبے میں 29ماڈل ماڈل پولیس سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

Facebook Comments