تازہ ترینصحت

سردی سے نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور جسمانی دردوں میں اضافہ،حکماء کے بہترین مشورے اور نسخے

لاہور ( آوازچترال نیوز) موسم سرما کے آغاز کے ساتھ نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور جسمانی دردوں میں اضافہ ہو گیا ہے،ان علامات سے بچاؤ کے لیے انسان کو ضرور ایسی تدابیر اختیار کرنی چاہیے جو فطرت کے عین مطابق ہوں فطرت کا تقاضہ ہے کہ لباس گرم پہنا جائے گھر سے باہر کام پر جانے والے افراد سویٹر، جرسی، مفلر، ٹوپی، جرابیں اور گرم چادر اوڑھ کر نکلیں ٹھنڈے مشروبات اور پانی سے اجتناب کیا جائے،دیسی مرغی کی یخنی آپ کو جہاں سردی سے بچاتی ہے وہاں نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار کا خاتمہ بھی کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار ماہرین علاج بالغذا حکیم محمد رفیق شاہین، حکیم رانا محمد احمد، حکیم ظفر علی عباسی، حکیم محمد افضل میو، حکیم عرفان شاہد، حکیم محمد عبداللہ ابوبکر رفیق، حکیم امتیاز راٹھور، حکیم مشتاق احمد قادری، حکیم محمد اسحاق اور حکیم محمد احمد نے موسم سرما اوراحتیاطی تدابیر کے موضوع پر مدنی بیت الحکمت چوک یتیم خانہ لاہور میں منعقدہ مجلس مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایاکہ ڈرائی فروٹ میں بادام، سوگی، کھجور، چھوہارے، مغزچلغوزہ، مغز پستہ، انجیر اور کاجوصحت کے لیے مثبت کردار ادا کرتے ہیں ان کے کھانے میں احتیاط برتی جائے ان کے کھانے کے بعد پانی نہیں پینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بخار، زکام، کھانسی کی صورت میں فطری علاج یہ ہے کہ چند روز نشاستہ دارغذائیں (گندم، چاول والی) بند کر دی جائیں مکمل آرام کیا جائے ناشتے میں انڈے اور چائے اور دوپہر شام میں دیسی مرغی یا بکرے کی یخنی کالی مرچ اور دیسی گھی ڈال کر پی جائے اس کے علاوہ کالے چنے کا شوربا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ دوائی کے طور پر لونگ پانچ عدد، دارچینی دو ٹکڑے، دیسی اجوائن دو گرام ایک گلاس پانی میں ابال کر چھان کر شہد سے میٹھا کر کے دن میں تین بار پینے سے فوری افاقہ ہوتا ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button