72

غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کیلئے نئی حکمت عملی تیار

پشاور(آوازچترال رپورٹ)۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کیخلاف موثر کاروائی اور نئے قواعد وضوابط متعارف کرانے کافیصلہ کیا ہے نئی حکمت عملی کے تحت ڈیلرز ابتدائی مرحلہ میں غیر رجسٹرڈ اور قسطوں پر حاصل کی گئی موٹر سائیکلوں کو مقررہ مدت میں رجسٹرڈ کرانے کے پابند ہونگے اور مقررہ وقت گزرنے کے بعد غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں ضبط کی جائیں گی اس ضمن میں گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن میں ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی ایکسائز فیاض خان اور موٹر سائیکل ڈیلر ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے شرکت کی اجلا س میں بڑھتے ہوئے غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں اور بعض جرائم میں ان کے استعمال کے پیش نظر نئے قواعد و ضوابط متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔ ایس ایس پی آپریشن نے کہاکہ پہلے مرحلے میں موٹر سائیکلوں کو کو رجسٹریشن کے لئے مناسب وقت جائیگا جس کے بعدغیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں ضبط کی جائیں گی اس موقع پر ڈی جی ایکسائز نے واضح کیا کہ موٹر سائیکل رجسٹریشن کے عمل کو مزید سہل بنایا گیا ہے جبکہ حالیہ کریک ڈاون سے قبل اخباری اشتہار کے ذریعے شہریوں کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ ایس ایس پی آپریشن نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل کے خلاف کریک ڈاون سے نہ صرف شہر میں جرائم پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ اس سے قومی خزانے کو بھی فائدہ ہو گا حکام نے ایسوسی ایشن کے وفد سے بھی تجاویز طلب کرلی ہیں۔