157

پاکستان کی سب سے طویل موٹروے کا خاموشی سے افتتاح کر دیا گیا

 اسلام آباد(آوازچترال نیوز)پاکستان کی سب سے طویل موٹروے کا خاموشی سے افتتاح کر دیا گیا، سی پیک کے تحت تعمیر کی جانے والی پاکستان کی سب سے بڑی 392 کلومیٹر طویل ملتان سکھر موٹروے کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سی پیک کے تحت تعمیر کی جانے والی پاکستان کی سب سے طویل موٹروے کا بالآخر کئی ماہ کی تاخیر کے بعد خاموشی سے افتتاح کر دیا گیا ہے۔392 کلومیٹر طویل ایم 5 ملتان تا سکھر موٹروے کا اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران افتتاح کیا گیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار اور چینی نمائندے نے شرکت کی۔   افتتاح کے بعد پشاور تک کراچی موٹروے منصوبے کا 90 فیصد حصہ مکمل ہوگیا ہے اور اسے عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملتان سے سکھر موٹر وے ایم 5 کا تعمیراتی کام چند ماہ قبل ہی مکمل کر لیا گیا تھا۔ 392 کلو میٹر طویل موٹر وے ایم 5 پر تقریباً 294 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔یہ موٹر وے ملتان سے شروع ہو کر شجاع آباد، جلالپور پیر والہ، ہیڈ پنجند، بہاول پور کے قریب اچ شریف، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان، صادق آباد، سندھ کے شہر اوباڑو، گھوٹکی اور پنوعاقل سے ہوتی ہوئی سکھر میں روہڑی کے قریب اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ اس سے آگے سکھر سے حیدرآباد تک ایم 6 موٹر وے کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔امکان ہے کہ ایم 6 موٹروے کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ موٹر وے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب دریائے ستلج کے ایک بڑے برج سمیت مجموعی طور پر 54 پل، 12 سروس ایریاز، 10 ریسٹ ایریا، 11 انٹرچینجز، 10 فلائی اوورز اور 426 انڈرپاسز تعمیر کیے گئے۔ جی ٹی روڈ کے مقابلے میں اگر موٹر وے ایم 5 پر ملتان سے سکھر تک کا سفر کیا جائے تو فاصلہ 75 کلو میٹر کم ہے۔جبکہ سکھر ملتان موٹروے پر بغیر رکے مسلسل سفر کریں تو 6 گھنٹے کا سفر کم ہو کر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے رہ جائے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے اس اہم منصوبے پر کام کا افتتاح 6 مئی 2016 کو کیا گیا تھا۔ جبکہ اب یہ منصوبہ مکمل کیے جانے کے بعد عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی گئی ہے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ سی پیک کے تحت تعمیر کیے جانے والی موٹروے کا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

Facebook Comments