تازہ ترین

 بونی میں خواتین دارالامان کیلئے مختص 9 کروڑ 97 لاکھ روپے دوسرے ضلع منتقل

اپر چترال ( نمائندہ آوازچترال)اپر چترال بونی میں خواتین دارالامان کیلئے مختص 9 کروڑ 97 لاکھ روپے دوسرے ضلع منتقل۔تفصیلات کے مطابق اپر چترال بونی میں یو۔ایس۔ایڈ کے تعاون سے خواتین دارالامان کی تعمیر کے لیے  2018 میں تقریباً 9 کروڑ 97 لاکھ روپے مختص ہوئے تھے اور اگست 2018 میں ٹینڈر کے پراسسس کے بعد اپریل 2019 کو ورک آرڈر ایشو ہوا تھا۔چونکہ قانون کے مطابق کام کی نگرانی اور ڈیزائننگ کیلئے کنسلٹنٹ مقرر کیا جاتا ہے۔لہذا ورک آرڈر ایشو ہونے کے باوجود کنسلٹنٹ کی غیر موجودگی کی وجہ سے اکتوبر 2019 تک اس اسکیم پر کام شروع نہیں ہوسکا۔ یو۔ایس۔ایڈ کی طرف سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو اس دوران کئی مرتبہ یاد دہانی کے مراسلے بھی ارسال کیے گئے لیکن محکمے کی نااہلی کی وجہ سے مقررہ مدت کے دوران کام شروع نہ ہو سکا۔ مقررہ مدت کے دوران کام شروع نہ ہونے کی وجہ سے یہ منصوبہ منسوخ کرکے کسی اور ضلع منتقل کر دیا گیا جو کہ اپر چترال کے عوام کے ساتھ شدید نا انصافی ہے۔ اور اس وجہ سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ ایک اخباری بیان میں تحریک حقوق عوام اپر چترال اور عوامی حلقوں نےمتعلقہ اداروں سے اس منصوبے میں غفلت کی تحقیقات کرانے اور حقائق کو عوام کے سامنے  لانے اور اس منصوبے پر کام جلد از جلد شروع کرنے اور منصوبے پر بروقت کام شروع کرنے میں غفلت برتنے والے ذمہ دارں کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا پُر زور مطالبہ کیا ہے بصورت دیگرتحریک حقوق عوام اپر چترال کے پلیٹ فارم سے زبردست احتجاجی مظاہرے کرنے کی تنبہہ بھی کی ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button