سارے سیاسی یتیم جمع ہوگئے، وزیر اعظم
گلگت (آوازچترال رپورٹ)وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارے سیاسی یتیم جمع ہوگئے ہیں ، سیاست کا بارہواں کھلاڑی انہیں اکسا رہاہے کہ استعفی لےکر جائے گا۔ گلگت میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کچھ بھی ہوجائے عمران خان نے تمہیں نہیں چھوڑنا، چاہے حکومت چلی جائے تمہیں جیلوں میں ڈالنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تین بار کے وزیراعظم کے بیٹے اربوں روپے کے فلیٹ میں رہتے ہیں ، سوال کرو تو کہتے ہیں ہم برطانوی شہری ہیں۔ وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لبرل بلاول بھٹو زرداری بھی پہنچ گیا ہے، لبرل ازم اسے چھو کر بھی نہیں گزری۔ عمران خان نے مزید کہا کہ گلدستہ جمع ہے، بلوچستان سے جے یو آئی کا مخالف محمود خان اچکزئی بھی آیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ بھی بھاگا ہوا ہے، جس کے والد کی سائیکلوں کی دکان تھی، آج وہ اور اس کے بیٹے بھی ارب پتی ہیں، شہباز شریف کا بیٹا اور داماد بھی چوری کر کے بھاگا ہوا ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے یوم آزادی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا سفیر اور ترجمان بن چکا۔ اب وکیل بن کر ساری دنیا میں کشمیریوں کی وکالت کروں گا،مودی اپنا آخری پتا کھیل چکا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو اٹھتے ہی انسانوں کا سمندر نکلے گا، کشمیری ایسے جوش و جذبے سے آزادی مانگیں گے کہ کوئی طاقت روک نہیں سکے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام جدوجہد نہ کرتے تویہ بھی آج مودی کے ظلم کا شکار ہوتے ۔