آزادی مارچ اسلام آباد، چترال سے جمعیت علماء اسلام کا بڑا قافلہ روانہ
چترال(نمائندہ آوازچترال) جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقد ہونے والے آزادی مارچ میں شرکت کے لئے چترال سے بھی جے یو آئی کاایک بڑا قافلہ بدھ کے روز اسلام آباد کی طرف روانہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کے سلسلے میں جمعیت علماء اسلام چترال کا قافلہ ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، ضلعی امیر جے یو آئی لوئر چترال مولانا عبدالرحمن، سنیئر نائب امیر قاری جمال عبدالناصر، ضلعی امیر جے یو آئی اپر چترال مولانا شیر کریم شاہ، نائب امیر مولانا فتح الباری و دیگر قائدین کیقیادت میں بدھ کی دو پہر چترال سے اسلام آباد کیطرف روانہ ہو گیا۔جمعیت علماء اسلام کے قافلے میں درجنوں کی تعداد میں گاڑیاں اور سینکڑوں کارکنان شامل ہیں۔ چترال کا قافلہ ضلع دیر بالا میں رات قیام کرکے اگلے روز ضلع دیر کے قافلے ساتھ اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، مولانا عبدالرحمن، قاری عبدالناصر اور قاضی محمد نسیم نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے موجودہ حکومت کے خلاف جس تحریک کا آغاز کیا ہے وہ اپنے منطقی انجام کو پہنچنے کے قریب ہے اور سلیکٹڈ حکومت کابوریا بستر گول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک اسلام آباد سے نہیں اٹھیں گے جب کہ عمران خان مستعفی نہیں ہوتاکیونکہ عمران خان عوام کے ووٹوں سے وزیر اعظم نہیں بنا بلکہ یہ ووٹوں کی چوری کی پیداوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کا احتجاج پرامن ہوگا۔