سرحد چیمبراور چائنا سفارتخانہ کے قونصلر Shen Zicheng کے درمیان پاک چین تجارت کو مزید وسعت دینے پراتفاق
پشاور( آوازچترال نیوز)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویزاور چائنا سفارتخانہ کے قونصلر Shen Zicheng کے درمیان پاک چین تجارت کو مزید وسعت دینے کیلئے سرحد چیمبر کے ممبران اورخیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو سرحد چیمبر کی سفارش پر بروقت اور آسان شرائط پر ویزوں کا اجراء اوردونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے تجارتی وفود کے تبادلے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ چائنا کے قونصلر نے سرحد چیمبر کے صدر انجینئر مقصود انورپرویز کی تجاویز پربزنس کمیونٹی کو ویزوں کی جلد فراہمی اوراس کے طریقہ کار میں آسانیاں پیدا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تعینات چائنا سفارتخانہ کے قونصلر Shen Zicheng نے گذشتہ روز سرحد چیمبر کا دورہ کے موقع پر چیمبر کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز سے ملاقات کی ۔
سرحد چیمبر کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے پاکستان اور چائنا کے مابین سی پیک منصوبہ کو گیم چینجر قراردیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان علاقے کی معاشی سرگرمیو ں کا عظیم مرکز بن جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چائنا کے درمیان باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے مستقبل بڑا روشن اور تابناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا میں ہائیڈرل پاور جنریشن پیدا کرنے کی 50 ہزار میگاواٹ کی صلاحیت موجود ہے ۔انہوں نے چینی سرمایہ کار وں کو خیبر پختونخوا میں ہائیڈل پاور جنریشن ،ْ آئل اینڈ گیس ،ْ ٹورازم ،ْ جیمز اینڈ جیولری ،ْ ماربل ،ْ مائنز اینڈ منرل ‘ شہد ‘ فارماسوٹیکل اور میڈیکل شعبہ سمیت دیگر صنعتی و تجارتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ چینی سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ اس موقع پرچائنا سفارتخانہ کے قونصلر Shen Zichengنے سرحد چیمبر کے صدر اور ممبران کی جانب سے پاک چائنا باہمی تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات سے اتفاق کیا اورکہا کہ چینی سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور اس مقصد کے لئے سرحد چیمبر کے ساتھ قریبی روابط کو فروغ دیا جائے گا ۔انہوں نے یقین دلایا کہ سرحد چیمبر کی سفارش پرخیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو جلد اور آسان شرائط پر ویزہ جاری کیا جائے گا ۔ اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقعو ں ،ْ ہائیڈل پاور جنریشن ،ْ ٹورازم ‘ شہداورلائیو سٹاک سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق ڈاکو منٹری بھی دکھائی گئی ۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سابق صدر فیض محمد فیضی اور ممبران نے بھی خطاب کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ اور ویزہ کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے سفارشات اور تجاویز پیش کیں۔