مولانا فضل الرحمن کی گرفتاری کی خبریں،(ن) لیگ اور جے یو آئی نے جواب میں انتہائی اقدام کا اعلان کردیا
کراچی (آوازچترال نیوز)جمعیت علمااسلام سندھ اور مسلم لیگ (ن) سندھ نے اعلان کیا ہے کہ اگر جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو گرفتار کیا گیا تو ہر جگہ دھرنے دئیے جائیں گے۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو انڈوں اور مرغیوں سے لنگر پر کھڑا کردیا گیا ہے۔ جمیعت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو نے وفد کے ہمراہ مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی۔اس موقع پر سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور دیگر بھی موجود تھے۔بعدازاں صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا راشد محمود سومرو نے کہاکہ آج ہی کوشش کریں گے پیپلزپارٹی سے بھی ملاقات ہوجائے۔اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے رابطہ کررہے ہیں۔ملک نواز شریف کے دور میں سی پیک سے ترقی کی راہ پر گامزن تھا۔تبدیلی کے نام پر قوم کو انڈوں مرغیوں اور کٹوں سے لاکر لنگر پر کھڑا کردیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا گیا تو صوبے بھر میں دھرنے دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے مارچ میں ساتھ چلنے کا یقین دلایا ہے۔بلاول بھٹو نے سندھ میں مارچ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ٹرانسپورٹرز، کیٹررز پر پابندی لگائی جارہی ہے۔نامعلوم لوگوں کے ذریعے کراچی میں ہمارے کارکنوں پر ایف آئی آر درج کرائی جارہی ہیں۔بلاول بھٹو آپ تحقیقات کریں کہ کون جے یو آئی کے کارکنان پر ایف آئی آر درج کرارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ راستہ روکا گیا تو گدھے گھوڑے خچر خرید لیے ہیں۔ہمارے مارچ میں سول نافرمانی کی باتیں نہیں ہونگی۔ہمارے اسٹیج سے کسی کو لٹکانے کے نعرے نہیں سنے جائیں گے۔31 لاکھ کارکنان نے رکنیت کا فارم بھرا ہے۔سب سے 100 روپے کی فیس جمع کرانے کا کہا ہے۔ڈنڈے اسلحے میں شامل ہوتے ہیں یا نہیں یہ طے کرلیں۔مولانا راشد محمود سومرو نے کہاکہ ان کو کوئی ایشو نہیں مل رہا اس لیے ہندوستان سے مولانہ کی باتوں کو ایشو بنارہے ہیں۔مولانا کی گرفتاری کی صورت میں صوبے میں ہر جگہ دھرنے ہونگے۔ پی ٹی آئی کو اس قابل ہی نہیں سمجھتا کے ان پر تبصرہ کیا جائے۔ان کی جماعت کا ڈر ہی تو ہے جو سیلف ڈیفنس کی باتیں ہورہی ہیں۔حال ہی میں کارکنان کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اس کی تحقیقات کرائیں۔ اپوزیشن اتحاد میں دراڑکی کوشش کو ناکام بنایا جائے۔شاہ محمد شاہ نے کہاکہ 27 تاریخ کو آزادی مارچ چلے گا۔مسلم لیگ ن اپنے قائد کے کہنے پر مارچ کا حصہ بنے گی اور مارچ میں جے یو آئی کی بھرپور حمایت کریں گے۔ہم اس نالائق حکومت کے وزیر اعظم سے استعفی لیکر واپس آئیں گے۔