حکومت کا مولانا فضل الرحمان کوسلامی دینے والی انصار الاسلام کو کالعدم قراردینے کا فیصلہ ، سمری وزارت قانون کوارسال
اسلام آباد (آوازچترال نیوز ) حکومت نے مولانا فضل الرحمان کوگارڈ آف آنر دینے والی جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قراردینے کا فیصلہ کرلیاہے ، اس مقصد کیلئے سمری وزارت قانون اور الیکشن کمیشن کوارسال کردی گئی ہے ۔ نجی نیوز چینل کے مطابق حکومت نے جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم کوکالعدم قرار دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم انصارالاسلام کوکالعدم قرار دینے کی سمری وزارت قانون اور الیکشن کمیشن کو ارسال کردی گئی ہے ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق وزارت قانون اور الیکشن کمیشن کو بھجوائی جانیوالی سمری میں کہاگیاہے کہ جے یو آئی کی ذیلی تنظیم لٹھ بردار ہے اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا ۔ سمری کے مطابق قانون کسی بھی قسم کی ملیشیا کی اجازت نہیں دیتا ۔ واضح رہے کہ جے یو آئی ف کی لٹھ بردار تنظیم انصار الاسلام کی جانب سے چند روز قبل اپنے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا تھا جس کی وجہ سے حکومتی حلقوں کی جانب سے اس عمل کومسلسل ہدف تنقید بنایا جارہا ہے ۔