22

حکومت کا فوری  پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ

اسلام آباد ( آوازچترال نیوز) حکومت کا فوری انتخابات کروانے کا فیصلہ، وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کروانے کی منظوری دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں فوری بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کور کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کرے گی۔ دونوں صوبوں میں فوری بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔ جبکہ اجلاس کے دوران جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کیلئے وزیر دفاع پرویز خٹک کمیٹی کے سربراہ ہونں گے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز، وفاقی وزرا اور سینئر پارٹی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ، ملکی سیاسی صورتحٓل، معاشی معاملات اور مہنگائی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب، ایران اور چین پر کور کمیٹی کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی قسم کا انتشار کشمیر کاز کو نقصان پہنچائے گا۔ ملک کو اس وقت اور بھی خطرات درپیش ہیں۔ ہم کشمیریوں کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑ رہے ہیں۔ حکومت کو معیشت اور کشمیر جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ تاہم حکومت اپوزیشن کے جائز تحفظات ضرور سنے گی۔