لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج چترال کو سینئر سول جج کی طرف سے کھولنے کے احکامات کے بعد سنگور اینڈ ڈولوموس کے سیکشن بند رہے
چترال( نمائندہ آوازچترال)لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج چترال کو سینئر سول جج کی طرف سے کھولنے کے احکامات کے بعد سنگور اینڈ ڈولوموس کے سیکشن بند رہے۔پیر کے روز والدین کی طرف سے درخواست پر سینئر سول جج چترال نے سکول کے تمام سیکشنز کو فوراً کھولنے کے احکامات جاری کیے تھے۔لیکن منگل کے صبح بہت سے بچے سکول بسوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے سکول نہ جاسکے جب بعض والدین نے اپنے بچوں کولے جانے کے لئے پرائیویٹ گاڑیوں کا بندوبست کیا۔اور جب سکول کے سیکشنز میں پہنچ گئے تو دونوں حصوں کے دروازے بند کردیئے گئے تھے، اور طلباء اور اساتذہ دونوں کوسکولوں میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔دونوں سیکشنز پر ضلعی انتظامیہ کے نمائندے موجود تھے۔ ڈولومس سیکشن میں پرنسپل کی جانب سے کہا گیا کہ اساتذہ اور طلبہ کو انفرادی طور پر پرنسپل سے ملاقات کے لئے آنا چاہئے۔وہاں پر موجود اساتذہ اور طلبہ بغیر کسی شرط کے سکول میں دوبارہ کلاس شروع کرنے کے اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔ اساتذہ نے کہا کہ وہ اپنے طلباء کے مستقبل اور عدالتی حکم کو مدنظر رکھتے ہوئے سکول میں اپنی کلاسیں دوبارہ شروع کریں گے۔اُنہوں نے اپنے تحفظات سے انتظامیہ اور والدین کونسل کو آگاہ کردیا ہے۔بہت سے والدین اور اساتذہ آج سے سکول کھولنے کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔