53

پشاور میں مرغا مرغی پیکیج کا باضابطہ افتتاح

پشاور۔(آوازچترال رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں وزیراعظم کے اقدام برائے دیہی گھریلو مرغبانی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ یہ پروگرام نیشنل ایگرکلچرل ایمرجنسی پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت آئندہ چار سالوں میں صوبے میں 10 لاکھ مرغیاں تقسیم کی جائیں گی گھریلو مرغبانی کے تحت منصوبے میں دلچسپی لینے والے مستحق افراد میں 10 لاکھ مرغیاں فارم یونٹس کی شکل میں رعایتی نرخوں پر تقسیم کی جائیں گی، ہر فارم یونٹ پانچ مرغیوں اور ایک مرغے پر مشتمل ہو گا۔ طے شدہ طریق کار کے تحت مستحق خاندانوں کا انتخاب کیا جائے گا اور اُنہیں پرنٹ میڈیا میں اشتہار کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ ہر درخواست گزار پولٹری کے ایک یونٹ (پانچ مرغیوں اور ایک مرغے) کیلئے 1050 روپے ادا کرے گا۔ ہر سال تقریباً 40,000 فارم یونٹس تقسیم کئے جائیں گے۔منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت معاشرے کے نادار طبقے کی فلاح پر بھر پور توجہ دے رہی ہے، یہ اقدام صوبے میں کسانوں خصوصاً اس شعبے میں خواتین کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود گزشتہ 70 سالوں کے دوران خیبرپختونخوا کے زراعت، لائیو سٹاک اور پولٹری کے شعبے میں صرف 47 ارب روپے خرچ کئے گئے۔ تاہم انہوں نے واضح کیاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے 2018 سے 2023 تک اپنے موجودہ دور حکومت میں زراعت، لائیوسٹا ک او رپولٹری کے شعبے میں 85 ارب روپے خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ محمود خان نے کہاکہ اُن کی حکومت صوبے میں بیک وقت زراعت اور صنعت کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے جس کا مقصد آمدنی میں اضافہ، روزگار کی فراہمی اور غربت کا خاتمہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ماضی کی حکومتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کی مخالف سیاسی جماعتوں کا مقصد اور وژن صرف کرپشن کرنا اور ذاتی مفادات کا تحفظ تھا جس نے قومی معیشت کو تباہی کے دہانے لا کھڑا کیا اور ملک کے بچے بچے کو مقروض بنا دیا۔ محمود خان نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور مخلص قیادت میں معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں جو صرف اصلاحات تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کے غریب اور نادار طبقے کو ریلیف اور تعاون فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے صنعتی صارفین کو ویلنگ ماڈل کے ذریعے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کیا ہے جو نہ صرف صنعتوں کو فروغ دینے میں مدد دے گا بلکہ صوبائی خزانے میں آمدنی کے اضافے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ اس منصوبے سے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

Facebook Comments