تازہ ترین

ضلع چترال میں 350 میگا واٹ موری کاری ہائیڈرپاور پراجیکٹ اور 260 میگاواٹ کے جمشیل موری ہائیڈروپاور پراجیکٹ پر پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت

پشاور( آوازچترال نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع چترال میں 350 میگا واٹ کے حامل تورن موری کاری ہائیڈرپاور پراجیکٹ اور 260 میگاواٹ کے جمشیل تورین موری ہائیڈروپاور پراجیکٹ پر پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے صوبے میں اکنامک زونز کو بجلی کی فراہمی کے حوالے سے بڑی اہمیت کے حامل ہیں جن کو جتنا جلدی ممکن ہو سکے مکمل کیا جائے۔ صوبائی حکومت ان منصوبوں کی تیزرفتار تکمیل کیلئے نہایت سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں تمام مسائل اور رکاوٹیں بروقت دور کریگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ چینی کمپنی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کریگی اور اپنی حکومت کی سطح پر منصوبے کی جلدی تکمیل کیلئے کوشش یقینی بنائے گی۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں مذکورہ ہائیڈروپاور پراجیکٹس کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی و برقیات حمایت اللہ خان ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری توانائی ، چائنہ پاک انرجی انوسٹمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر او ردیگر عہدے داران اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع چترال میں صوبائی حکومت کے مجموعی طور پر 610 میگاواٹ کے حامل ہائیڈروپاور پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو منصوبے پر تیزرفتار پیش رفت یقینی بنانے اور اس مقصد کیلئے واضح ٹائم لائن کا تعین کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے صوبے میں معاشی زونزکو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے ناگزیرہیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ وہ منصوبوں کیلئے نہ صرف صوبائی حکومت کی طرف سے درپیش معاونت بروقت فراہم کریں گے بلکہ ان منصوبوں کو نیشنل جنریشن پلان میں شامل کرنے اور دیگر مسائل جلد حل کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے بھی خود بات کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت ویلنگ ماڈل کے ذریعے صنعتی صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا اجراءکر چکی ہے جس سے صوبے میں صنعتوں کو ترقی دینے میں خاطرخواہ مدد ملے گی۔ رشکئی اکنامک زون اور دیگر معاشی زونز کو بھی اسی ماڈل کے تحت سستی بجلی مہیا کی جائے گی، جس کیلئے مذکورہ ہائیڈروپاور پراجیکٹس کی جلد سے جلد تکمیل نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ توانائی اور پیڈو نے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے شرائط و ضوابط آسان کر دیئے ہیںتاکہ صوبے میں جاری اور نئے پن بجلی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ممکن ہوسکے ۔ متعلقہ حکام منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ٹائم لائن کے مطابق پیش رفت یقینی بنائیں۔انہوں نے متعلقہ چینی کمپنی کی خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کیلئے غیر معمولی دلچسپی خصوصی طور پر مذکورہ دو ہائیڈروپاور پراجیکٹس کی جلد تکمیل کیلئے سنجیدگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ کمپنی منصوبوں کی معیاری تکمیل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر تعاون یقینی بنائے گی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button