چینی کمپنی نے پاکستان میں ایل پی جی پلانٹ بند کر دیا، بحران شدید ہونے کا خدشہ
اسلام آباد ( آوازچترال نیوز) چینی کمپنی ایچ بی پی نے این اے پی ایس ایچ پی اے گیس پروسیسنگ اینڈ ایل پی جی ریکوری پلانٹ بند کر دیا ہے کیونکہ او جی ڈی سی ایل کے چینی کمپنی سے تنازعات ناقابل حل صورت اختیار کرگئے ہیںجس کے بعد ایل پی جی کا بحران شدید ہونے کا خطرہ پیداہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق او جی ڈی سی ایل کے ترجمان احمد حیات لک نے پلانٹ بند ہونے کی تصدیق کر دی ہے اور کہا کہ کنٹریکٹر نے غیرقانونی طورپر ڈسٹری بیوشن کنٹرول سسٹم کے ہیر پھیر کے ذریعہ پاس ورڈز تبدیل کئے اور سوفٹ ویئر میں رد و بدل کیا۔ جس سے 375 میٹرک ٹن ایل پی جی یومیہ کی فراہمی ر±ک گئی۔ او جی ڈی سی ایل کو فروری 2018ءسے ایل پی جی، کنڈنسیٹ، پروسیسڈ گیس اور این جی ایل ایچ بی پی کو پی اے سی کے اجراءاور آزمائش کے بغیر حاصل ہو رہی تھی جو کنٹریکٹ کی خلاف ورزی تھی۔ ایچ بی پی، او جی ڈی سی ایل سے 10 کروڑ ڈالرز کی ادائیگی اور پرفارمنس ٹیسٹ اور پی اے سی کے لئے 31 اکتوبر 2019ءتک کی توسیع چاہتی ہے۔ او جی ڈی سی ایل کا موقف ہے کہ چینی کنٹریکٹر پلانٹ کا آپریشن بند نہیں کر سکتا۔ جس میں 148 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ او جی ڈی سی ایل نے چینی کنٹریکٹر کو 80 فیصد ادائیگی کر دی ہے اور باقی 20 فیصد کی ادائیگی پرفارمنس ٹیسٹ پر ہوگی۔ ترجمان نے تنازع پر مزیدکچھ کہنے سے معذرت کی اور کہا انہیں یہ باتیں عام کرنے کا اختیار نہیں ہے، او جی ڈی سی ایل اور چینی کمپنی کے درمیان تنازع اس وقت سامنے آیا جب وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ ملک میں مقامی کاروبار کیلئے بھی ماحول کو سازگار بنانے کے کوشاں ہیں لیکن تیل کی تلاش اور پیداوار غیرملکی کمپنیوں سے ناروا سلوک اختیار کیا گیا ہے۔انتظامیہ نے پلانٹ بحال نہ ہونے کی صورت میں چینی کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کی دھمکی دی تاہم او جی ڈی سی ایل نے اس کی تردید کی۔ ترجمان کے مطابق متعلقہ کمیٹی نے چینی کمپنی کو بلیک لسٹ کیا۔ دریں اثناءچینی کمپنی ایچ بی پی نے ڈیڑھ سال کی مراسلت کے بعد او جی ڈی سی ایل کو 7روز میں کچھ اقدامات کے لئے قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔ فوری طور پر 10 کروڑ ڈالرز کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔