تازہ ترین

ٹیچر ڈے کے حوالے سے شہید اسامہ وڑائچ کیرئیر اکیڈمی چترال میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال کے تعاون سے ایک شاندار پروگرام کا انعقاد

چترال( نمائندہ آوازچترال)پانچ اکتوبر کو ٹیچر ڈے کے حوالے سے شہید اسامہ وڑائچ کیرئیر اکیڈمی چترال میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال کے تعاون سے ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا – اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد تھے۔اس کے علاوہ ایڈشنل اسسٹنٹ کمشنر چترال فیاض قریشی,ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر احسان الحق اور اساتذہ کرام اور طلباء طلبات بہت بڑی تعداد میں موجود تھے۔پروگرام کے نظامت کے فرائض ڈائیریکٹر شہید اسامہ وڑائچ کیرئیر اکیڈمی فداالرحمن نے انجام دیے۔ڈائیریکٹر فداالرحمن نے ٹیچر ڈے اور استاد کی عظمت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ علم کسی بھی نوعیت کا ہو۔اس کا عطا کرنے والا بہر حال قابلِ عزت ہے اور جب تک ادب و احترام کا جذبہ دل کی گہرائیوں سے نہیں اُٹھے گا تب تک نہ علم کا گلزار مہک سکے گا اور نہ ہی علم، طالب علم کے قلب و نظر کو نورانی بنا سکے گا۔ باقی تمام چیزیں انسان خود بناتا ہے مگرانسان کو کون بناتاہے۔میری مراد انسان کی تخلیق نہیں انسان کا بشریت سے آدمیت کی طرف سفر ہے۔انسان کو بنانے والے فنکار کا نام ہے، ”معلم“۔ اسی لیے اس کا کام دنیا کے تمام کاموں سے زیادہ مشکل، اہم اور قابلِ قدر ہے۔ استاد اور شاگرد کا رشتہ روحانی رشتہ ہے یہ تعلق دل کے گرد گھومتا ہے۔ اور دل کی دنیا محبت، ارادت کی کہکشاں سے بکھرتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے استاد کی عظمت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ معمار قوم ہوتے ہیں ان کا احترام ہم سب پر فرض ہے۔انسان جس سے بھی کچھ سیکھے اس کا احترام فرض ہے۔ اگر سیکھنے والا، سکھانے والے کا احترام نہیں کرتا تو وہ علم محض ”رٹا“ ہے۔ حفظ بے معرفت گفتار ہے،اس میں اعمال کا حسن نہیں، گویا وہ علم جو عمل سے بیگانہ ہووہ ایک بے معنی لفظ ہے۔ علم کسی بھی نوعیت کا ہو۔اس کا عطا کرنے والا بہر حال قابلِ عزت ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اکیڈمی کے ڈائیریکٹر فداالرحمن کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا انھوں کہا اُسامہ اکیڈمی ٹیچر ڈے منا کر ایک خوبصورت روایت قائم کی ہے۔پروگرام میں چترال کے معروف بزرگ ماہر تعلیم استاد الاساتذہ جناب مولاء جان صاحب اور چترال کی بیٹی سینئر ٹیچر محترمہ زاہدہ خاتون کو لائف ٹائم ایچیومنٹ سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ مختلف سکولوں،کالجوں اور یونیورسٹی کے اساتذہ کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ دیے گئے۔ استاد الاساتذہ مولاء جان صاحب نے عزت افزائی کرنے پر ڈپٹی کمشنر چترال کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں نوجوان ماہر تعلیم عالمگیر بخاری,ہیڈ ماسٹر افتخار الدین اور ہروفیسر ظہور الحق دانش نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

 

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button