خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے میں ایک ماہ کیلئے جلسے جلوسوں کے انعقاد پر پابندی عائد کردی
پشاور( آوازچترال نیوز) خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے میں ایک ماہ کیلئے جلسے جلوسوں کے انعقاد پر پابندی عائد کردی، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ ایک سیاسی ٹولہ اسلام اور دین کے نام پر سیاست کررہا ہے، جے یو آئی ف پر واضح کرنا چاہتا ہوں ان میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ اسلام آباد کو لاک ڈاون کر سکیں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے مارچ کو ناکام بنانے کیلئے منصوبہ بندی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے پورے صوبے میں جلسے جلوسوں کے انعقاد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پابندی ایک ماہ کیلئے عائد کی جائے گی، جس میں بعد ازاں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے جے یو آئی ف پر واضح کیا ہے کہ انہیں کسی صورت اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعیت علماء اسلام کو کہا ہے کہ آپ لاک ڈاون نہیں کرسکتے۔ جمعیت علماء اسلام والوں کوکہنا چاہتا ہوں کہ آپ جن لاک ڈائون کی بات کرتے ہو،آپ اسلام آباد نہیں جاسکتے،خیبرپختونخوا میں سے جے یوآئی والوں کوگزرنے نہیں دینگے۔ وزیراعلی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بھارتی جارہیت کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی ہے۔ کچھ لوگ اسلام اور دین کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔ لیکن عمران خان نے عالمی طاقتوں کے سامنے اسلام کی آواز بلند کی۔ محمود خان نے واضح کر دیا ہے کہ حکومت کیخلاف کسی قسم کے جلسے جلوس یا مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ جے یو آئی ف کے سربراہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔