لاہوراورنج لائن ٹرین منصوبہ 2کھرب 90ارب روپے سے تجاوز کر گیا‘یومیہ پانچ لاکھ ڈالر جرمانہ بھی اداکرنا ہوگا،چونکا دینے والے انکشافات
لاہور( آوازچترال نیوز) اورنج لائن ٹرین منصوبہ 2کھرب 90ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق 2015ء میں منصوبہ کی بنیادی الیکٹریکل، مکینیکل اور سول ورکس کی کاسٹ ایک کھرب 62ارب روپے سے زائد تھی، کنٹریکٹ کے مطابق منصوبہ27ماہ کے اندر جون 2018ء میں مکمل ہونا تھا۔تاہم ڈالر کا ریٹ بڑھنے کی وجہ سے منصوبے کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا۔2018میں ڈالر بڑھنے سے لاگت 2کھرب24ارب30لاکھ تک پہنچ گئی۔اب بنیادی لاگت 2کھرب 54ارب سے تجاوزکر گئی ہے جبکہ 20ارب روپے لینڈ ایکوزیشن،7ارب روپے لینڈ یوٹیلٹیز،10فیصد کنسجیٹنسی کاسٹ سے مذکورہ منصوبہ 2 کھرب90ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔پنجاب حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں تیسری بار نئی تاریخ دی گئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق 27ماہ میں منصوبہ مکمل نہ ہونے پر یومیہ پانچ لاکھ ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا اور چینی کمپنیاں جرمانہ منصوبے کی تکمیل کے بعد کلیم کرنے کی مجاز ہوں گی۔2015میں منصوبے کی لاگت ایک کھرب 62ارب روپے تھی۔