تازہ ترین

یونیورسٹی اف چترال میں ”پیغام پاکستان“ کانفرنس کا انعقاد

چترال(بشیر حسین آزاد) گذشتہ روزیونیورسٹی اف چترال میں ”پیغام پاکستان“ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا کانفرنس میں علما، اساتذہ، طالب علموں اور علاقے کے لوگوں نے شرکت کی، مقررین نے پیغام پاکستان کے حوالے سے حکومت پاکستان کی شایع کردہ کتاب کی صراحت کی اور اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا، مقررین نے واضح کیا کہ مملکت خداد پاکستان ایک بنیادی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا اور اس مملکت خداد کو اب ترقی اور خوشحالی کے راہ پر گامزن کرنا ہے، اس مملکت خداد کا اپنا ایک قانون ہے جو قرآن اور تعلیم اسلامی کے عین مطابق ہے اور ملک اسی قانون کے تحت چلتا ہے۔ مذہب کا نام لے کر کسی کو قتل کرنا، دہشت پھیلانا اور ریاست کے خلاف کوئی بھی اقدام اسلامی قوانین اور دستور کے مطابق جائز نہیں ہے۔ ملک کے تمام علما نے مشترکہ فتوی جاری کیا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینا اور ریاست اور عوام کے خلاف خودکش حملے اور قتل وغارت گری صریحاً حرام ہے اور اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا۔ملک کے تمام مکتبہ فکر کے علما کے اس متفقہ فتوی کو حکومت پاکستان اور اس کے تمام اداروں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ کانفرنس میں پیغام پاکستان کی کوششوں پر وفاقی حکومت اور علما کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا اور مستقبل قریب میں اسلامی نظریاتی کونسل اور اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے علما کو چترال آنے کی دعوت دی جائے گی اور چترال بھر میں پیغام پاکستان کی تشہیر کی جائے گی۔ یونیورسٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور نواجون نسل پر زور دیا کہ وہ ملک کے معمار ہیں وہ وقت کی قدر کریں اور معاشرے میں فلاح کا ذریعہ بنیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button