صرف 2ہزار روپے میں پشاور کے تاریخی مقامات کی سیر
پشاور۔(آوازچترال رپورٹ)عالمی یوم سیاحت کے موقع پر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور کریم نے صوبائی دارالحکومت پشاور کی تاریخی گندھارا تہذیب سے سیاحوں کو روشناس کرانے کیلئے ایک آرام دہ اور سستی سہولت فراہمی کا آغاز کردیا،جس کا اعلان نشترہال پشاور میں منعقدہ عالمی یوم سیاحت کی افتتاحی تقریب جس کا موضوع ” سیاحت اور نوکری، ایک اچھا مستقبل سب کیلئے ” ہے میں کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امورنوجوانان خیبرپختونخوا کامران رحمان مہمان خصوصی تھے، جبکہ ان کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان، جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹیز سجاد حمید، جنرل منیجر نارتھ کریم پاکستان شہزاد جمال اور دیگر عہدیداران موجود تھے،ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور کریم کار سروس سے اب صرف 2ہزار روپے میں شہری پشاور شہر کے تاریخی مقامات قصہ خوانی، قلعہ بالا حصار،گورگٹھڑی،گھنٹہ گھر،سیٹھی ہاؤس،مسجد مہابت خان اور عجائب گھر کی سیرکر سکیں گے۔