نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے 5بلین روپے مختص
پشاور۔(آوازچترال نیوز)خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے 5 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 3 بلین ضم شدہ 7 اضلاع کے نوجوانوں کو جبکہ 2 بلین صوبے کے دیگر نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے فراہم کریں گے ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر نے پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں تین روزہ یوتھ ڈیجیٹل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سمٹ میں وزیر بلدیات شہرام ترکئی اور وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بھی شریک تھے اسکے علاوہ سمٹ میں ملک بھر سے آئی ٹی کے ماہرین اور نوجوان شرکت کررہے ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ تمام محکمے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔محکمہ سیاحت بے روزگاری کے خاتمے اور ملک کا بہتر امیج اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے اس لئے محکمہ سیاحت کے لئے ڈیجیٹل ایکسپرٹ بھی لے رہے ہیں۔ ٹورازم اور ارکیالوجی کے لیے موبائل ایپ لانچ کئے گئے ہیں۔ جسکے دورس نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ٹورازم اتھارٹی کا قیام بہت جلد عمل میں لایا جائیگا ٹورازم اتھارٹی صوبے میں مربوط ٹورازم زونز بنائیں گے اور ٹورازم میں جدیدیت لانے پر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق صوبے میں سیاحتی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی ترقی کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے لئے 12 ارب روپے ورلڈ بنک نے فراہم کئے ہیں جبکہ بجٹ میں بھی ٹورازم کے لئے 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں.