تازہ ترین

دنین کے باشندوں نے پینے کے پانی کی گزشتہ تین مہینوں سے مسلسل بندش پر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چترال کے ذیلی ادارہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن یونٹ کے خلاف احتجاجی چیو پل پر دھرنا دے کر موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کو تین گھنٹوں تک بلاک

چترال (نمائندہ آوازچترال) چترال شہر میں واقع دنین کے باشندوں نے جمعہ کے روز پینے کے پانی کی گزشتہ تین مہینوں سے مسلسل بندش پر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چترال کے ذیلی ادارہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن یونٹ کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا اور چیو پل پر دھرنا دے کر موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کو تین گھنٹوں تک بلاک کیا جس کے نتیجے میں اپر چترال جانے اور آنے والے مسافروں اور خصوصاً بیماروں کو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج کی قیادت کرنے والے محمد کوثر ایڈوکیٹ، شہزادہ مبشرالملک، فدااحمد ایڈوکیٹ، شمس الرحمن المعروف سیکرٹری، سلطان محمد شیر، سجاد احمد اور دوسرے کررہے تھے جن کا کہنا تھاکہ 7جولائی کو گولین میں گلیشیر کے پھٹ جانے سے سیلاب آنے کے بعد چترال شہر کے لئے گولین گول واٹر سپلائی اسکیم سیلاب برد ہوگئی مگر اب تک حکومت نے نہ تو اسکیم کو بحال کیا اور نہ ہی کوئی متبادل انتظام کیا جس کی وجہ سے دنین کے عوام پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں اور ان کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انگار غون واٹر سکیم کے لائن سے روزانہ کی بنیاد پر صبح وشام دو، دو گھنٹے پانی سپلائی کرنے سے مسئلہ وقتی طور پر حل ہوگا لیکن تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اس مسئلے کو مکمل طور پر پس پشت ڈال دیا ہے جوکہ قابل مذمت ہے اور اسی وجہ سے عوام کو سڑکوں پر آنا پڑا۔ بعدازاں ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی پر ہڑتال کو وقتی طور پر ختم کردیا گیا جس کے بعد موٹر گاڑیوں کی ٹریفک بحال ہوگئی۔ دریں اثناء دنین لشٹ میں پانی کی قلت کو وقتی طور پر دور کرنے کے لئے فیصلہ ہوا کہ دنین گول کے قریب واقع محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی واٹر ٹینک سے دو انچ قطر پائپ کے ذریعے روزانہ بھردیا جا تا رہے گا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button