سیاست میں آنے کا بہت دل چاہتا ہے، کافی پیش کش بھی ہوتی رہتی ہیں
لاہور ( آوازچترال نیوز) سیاست میں آنے کا بہت دل چاہتا ہے، کافی پیش کش بھی ہوتی رہتی ہیں، عمران بھائی نے جو امیدیں دلائی ہیں اورعوام کو ان سے جو امید ہے اس کے لیے ہماری دعا ہے لیکن وزیراعظم جوکوئی بھی ہو ہمیں اس وقت ایک قوم بننے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ سیاست میں آنے کے لیے پیش کش بھی ہورہی ہے اور دل بھی چاہتا ہے۔آفریدی کا کہنا ہے کہ ملک سے بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اس ملک نے مجھے جو عزت، پیار اور نام دیا ہے اس ملک کے لیے میں، میرے بچے اور میرا خاندان سب کچھ قربان ہے۔ کسی کے بھی حوالے سے کیا اچھا ہے اس پر بات کرنی چاہیے، عدالتوں کو فیصلے کرنے دیں، آپ اپنی حکومت کریں اور اپنی کارکردگی دکھائیں، باتیں بہت ہوگئیں لیکن اس وقت بے روزگاری اور تعلیم پر جو مسئلے ہیں ان پر کام کرنا ہے۔ جو خواب ہم لوگوں نے دیکھیں ہیں یا دکھائے گئے ہیں ان پر کام ہونا چاہیے، یہ ضروری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے جو امیدیں دلائی ہیں اورعوام کو ان سے جو امید ہے اس کے لیے ہماری دعا ہے لیکن وزیراعظم جوکوئی بھی ہو ہمیں اس وقت ایک قوم بننے کی ضرورت ہے۔ پاکستان چاروں طرف سے گھرا ہوا ہے، ہمیں اس وقت نہیں پتہ ہمارا دوست ہے کون، جو دوست ہیں وہ ناراض بیٹھے ہوئے ہیں اور ہم اس وقت اکیلے ہیں، قومی اسی وقت اٹھ سکتی ہیں جب آپس میں اتحاد ہو۔ شاہد آفریدی مزید کہتے ہیں کہ سیاست میں آنے کی بات ہے تو دل بہت چاہتا ہے کہ آؤں اور کافی پیش کش بھی آتی ہیں لیکن فی الحال فاؤنڈیشن کے تحت کام کررہا ہوں اور وہ کام کرنا چاہتا ہوں جو ایک سیاست دان کی ذمہ داری ہے۔