حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں وزیراعلیٰ الواداعی دورے پر چترال آئے تھے۔نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ
چترال(نمائندہ آوازچترال)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما اور پارٹی ترجمان نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے ایک اخباری بیان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کے حالیہ دورہ چترال کو اُن کا الواداعی دورہ قرار دیا ہے۔اور دورے کو ناکام قرار دیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دوسروں کے منصوبوں پر تختیاں لگانے سے حکومت کی ناکامی کھل کرسامنے آئی ہے۔نیاز اے نیازی نے کہا کہ کیا وزیراعلیٰ صرف یہ بتانے چترال آئے تھے کہ حکومت چترال کے لئے کچھ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس بارے میں پہلے ہی سے عوام کو علم تھا کہ موجودہ حکومت کے پاس چترال کو دینے کے لئے کچھ نہیں ہے۔وزیراعلیٰ نے صرف یہ بتانے کے لئے چترال آکر وقت اور قومی وسائل کا ضیاع کیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے دورے سے عوام کی لاتعلقی اس بات کا مظہر ہے کہ عوام موجودہ پی ٹی آئی کی حکومت سے تنگ آچکی ہیں اب اُن کی بات پر کوئی بھی یقین کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔نیاز اے نیازی نے کہا کہ لگتاہے کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اس لئے وزیراعلیٰ الواداعی دورے پر سیر کے لئے چترال آئے تھے۔