وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ریشن بجلی گھر نہ آنے پر شدید احتجاج.عمائدین نے احتجاجا ریشن بجلی گھر کا افتتاح کیا
چترال ( نمائندہ آوازچترال ) ریشن گول کے لوگوں نے وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ریشن بجلی گھر نہ آنے پر شدید احتجاج کیا ہے .اوراحتجاجا ریشن بجلی گھر کی بحالی کے کام کا افتتاح خود کرکے وزیراعلی محمود خان اور حکومت کو اپنے ردعمل سے خبر دارکیا ہے ۔ریشن گول میں احتجاج کرنے والوں نے میڈیا سے بات کرتےہوئے کہا کہ 2015 کے تباہ کن سیلاب میں ریشن بجلی گھر سمیت ریشن گول کا پورا علاقہ سیلاب برد ہوا تھااور مکانات سے لے کر کھڑی فصلیں اور باغات سب تباہ ہوئے اس وقت سے اب تک حکومت کا کوئی بھی اعلی نمایندہ لوگوں کی مشکلات دیکھنے اور ان کی دلجوئی کیلئے ریشن نہیں آیا جب صورت حال یہ ہے کہ لوگ اب بھی سیلاب کے خطرے سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے دورہ ریشن اور بجلی گھر کے کام کے افتتاح پر خوش تھے کہ وزیر اعلی بجلی گھر کے افتتاح کے موقع پر ہماری حالت زار کا بھی جائزہ لیں گے اور مستقبل میں اس ایریے کو محفوظ بنانے کیلئے اعلانات کریں گے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ وزیر اعلی کو مس گائیڈ کیا گیا اور بجلی گھر کے کام کا افتتاح بجلی گھر ہی میں کرنے کی بجائے پولوگراونڈ میں کر دیا گیا جس سے ہمیں انتہائی مایوسی ہوئی ہے ۔درین اثنا ریشن گول کے عمائدین نے احتجاجا ریشن بجلی گھر کا افتتاح کیا ہے اور کہا ہےکہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو , ایریگیشن اور پبلک ہیلتھ نےاس ایریے میں بڑھے پیمانے پر کرپشن کی ہے جسے چھپانے کیلئے انہوں نے وزیر اعلی کو ریشن بجلی گھر کے اصل مقام تک نہ آنے دیا اس وجہ سے ہمیں بجلی گھر کے کام کا خود افتتاح کرنا پڑا .