’کیا آپ آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کر رہے ہیں؟‘
اسلام آباد(آوازچترال نیوز) پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے پاکستان کی حکومت سے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کی صورتحال پر ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا آپ آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کر رہے ہیں؟ اسلام آباد میں کشمیر پر منعقدہ نیشنل پارلیمینٹیرینز کانفرنس سے جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدرنے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ سری نگر میں عورتیں صبح اپنا دروازہ کھولتی ہیں کہ (دیکھیں) کیا پاکستان کی فوج آ گئی ہے کہ نہیں۔ انہوں نے سٹیج پر موجود پاکستانی حکومت کے نمائندگان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا ’آپ لوگوں کو کیا ہو گیا ہے آپ ڈالروں کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ آپ ڈالر چبا کر کھائیں گے؟‘ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اس لیے وہ (ایکشن کا) مطالبہ کرتے ہیں۔ مزید پڑھیں ’نوجوان ایل او سی پر جانا چاہتے ہیں‘ ’آپ آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کررہے ہیں؟ یہ کیا بات ہے کہ آپ کہتے ہیں کہ اگر آزاد کشمیر (پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر) پر حملہ ہوا تو ہم یہ کر دیں گے وہ کر دیں گے۔ وہ (انڈین) کشمیری مارے جائیں؟‘ خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ وزیرِ اعظم پاکستان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہونے والی تقریر کا انتظار کر رہے ہیں اُمید ہے پاکستان مسئلہ کشمیر کو بھر پور انداز میں پیش کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 44 دن سے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے لوگوں کو قید و بند کیا گیا جا رہا ہے۔ کشمیر علاقائی جھگڑا نہیں ہے نہ ہی دو ملکوں کا اندرونی معاملہ ہے یہ لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کا مسئلہ ہے۔ یاد رہے کہ اس سال پانچ اگست کو انڈیا نے کشمیر کی خصوصی آئینی حثیت کو ختم کرکے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا تھا۔