پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی پرورلڈ بینک برہم، کئی منصوبے منسوخ کرنے کا عندیہ دے دیا
لاہور ( آوازچترال نیوز) پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی پرورلڈ بینک برہم، کئی منصوبے منسوخ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ورلڈ بینک نے وفاقی حکومت کے نام خط میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مختلف پراجیکٹس میں عالمی بینک کو مایوس کیا ہے۔ عالمی بینک نے پنجاب حکومت کی ناقص کارگردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے نام خط لکھ کر کروڑوں روپے مالیت کے منصوبے منسوخ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ورلڈ بینک نے وفاق کو پنجاب حکومت کی ناقص کارگردگی پر مراسلہ لکھا ہے۔ ورلڈ بینک کی طرف سے وفاقی حکومت کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نےمختلف پراجیکٹس میں عالمی بینک کو مایوس کیا ہے، اس کے علاوہ ورلڈ بینک کی جانب سے فیلڈ مینیجمنٹ پروگرام کو ختم کرنے پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے اتھارٹی کی ناقص کارگردگی پر بھی عالمی بینک نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی حکومت کے نام لکھے گئے خط میں عالمی بینک نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو متعدد بار کارگردگی بہتر کرنے کے لیے کہا تھا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ عالمی بینک نے سفارش کی ہے کہ وفاق پنجاب حکومت کو دیئے گئے قرض پر آڈٹ رپورٹ تیار کرے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ٹیکس اورنان ٹیکس وصولیوں میں واضح اضافہ ہو رہا ہے،رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں ٹیکس اور نان ٹیکس کی مد میں 22.9 ارب روپے وصول کیے گئے جوکہ پچھلے سال کی نسبت تقریبا47فیصد زائد ہیں،پچھلے سال جولائی میں ٹیکس اور نان ٹیکس کی مد میں 15.5ارب روپے اکٹھے کیے گئے تھے جن میں سے ٹیکس کی مد میں اکٹھی ہونے والی رقم 13.12تھی جبکہ اس سال یہ رقم 19.34ارب روپے ہے۔صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے پنجاب میں ٹیکس محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 11.3ارب روپے اکٹھے کر کے پچھلے سال کی نسبت 65فیصد زائد اضافہ دکھایا۔