تازہ ترین

مختلف رہائشی سکیموں پر تعمیراتی کام شروع کرنے کا حکم

پشاور(آوازچترال رپورٹ)۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ڈاگرام سوات میں 218 کنال اراضی پر مشتمل خپل کور سکیم بشمول میڈیا کالونی پر کام شروع کرنے، پشاور میں نئے مقامات پر خپل کور سکیم کے دوسرے مرحلے کے اجراء اور سیلف فنانس بنیادوں پر ہنگو ٹاؤن شپ سکیم پر کام شروع کرنے کی باضابطہ منظوری دی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے میں جاری اور نئی ہاؤسنگ سکیموں کوتیز رفتاری سے مکمل کیا جائے، ہم وزیراعظم کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کا ہدف پورا کرنے میں بھرپور حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے 8500 کنال وسیع قطعہ اراضی پر مشتمل نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام سوڑیزئی سوات، پشاور ماڈل ٹاؤن اور سی پیک سٹی نوشہرہ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ80 ہزار کنال ا راضی پر مشتمل سی پیک سٹی نوشہرہ صوبائی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔  جو راولپنڈی اسلام آباد، ہزارہ اور وادی پشاور کے جنکشن پر واقع ہے، بلا شبہ یہ منصوبہ صوبے کی مجموعی تجارتی و معاشی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں محکمہ ہاؤسنگ خیبرپختونخوا کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کو صوبے میں جاری اور نئی ہاؤسنگ سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سوڑیزئی سوات میں 8500 کنال اراضی پر مشتمل نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، اس منصو بے کے تحت مختلف سائز کے 20 ہزار گھر تعمیر کئے جائیں گے۔ پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرنے کے بعد منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ نظرثانی شدہ ایم او یو کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔سی پیک سٹی نوشہرہ کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ منصوبہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی تعاون سے قائم کیا جا رہا ہے۔منصوبے کے لئے درکار,000 80 کنال اراضی میں سے 40,000 کنال اراضی مکمل طور پرحاصل کی جاچکی ہے جبکہ باقی ماندہ چالیس ہزار کنال اراضی پر قبضہ تاحال زیرالتوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کے لئے درکار اراضی کے حصول میں متعلقہ حکام کو تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کو محکمہ کی گذشتہ ایک سال کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پشاور، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور کوہاٹ میں خپل کو ر ہاؤسنگ سکیمیں قائم کی جا رہی ہیں جو مجموعی طور پر 1877 پلاٹس پر مشتمل ہیں، ورسک روڈ پر ملازئی ہاؤسنگ سکیم مکمل کی گئی ہے جس میں پانچ اور دس مرلے کے 371 پلاٹس الاٹ کئے گئے ہیں، 8905 کنال اراضی پر مشتمل جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کا اجراء کیا گیا ہے، اس سکیم پر پچاس فیصد ترقیاتی کام ہوچکا ہے۔  شفافیت یقینی بنانے کیلئے محکمہ ہاؤسنگ نے ای ٹنڈرنگ کا عمل شروع کیا ہے، علاوہ ازیں پشاور، سوات، کوہاٹ اور ایبٹ آباد میں پراونشل ہاؤسنگ اتھارٹی کے سروس سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کو محکمہ کے تحت تازہ ترین سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سرکاری ملازمین کیلئے نیڈاسسمنٹ سروے شروع کیا گیا ہے، رہائشی منصوبوں کیلئے نئے مقامات کی نشاندہی کا عمل بھی شروع ہے اور اس کے ساتھ ساتھ نیا پاکستان / خپل کور منصوبے کیلئے نئے مقامات کی نشاندہی بھی کی جارہی ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button