تازہ ترین

بھارت کی فاشسٹ حکومت نے تمام حدیں پار کر دی ہیں..راحیل شریف

ریاض ( آوازچترال نیوز) : اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے کمانڈر جنرل (ر) راحیل شریف نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں بھارت کی فاشسٹ حکومت نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ جنرل (ر) راحیل شریف نے ریاض میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم دفاع اور یوم شہدا کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقریب میں دوران خطاب یہ سب کہا۔ انہوں نے مادر وطن کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دینے والے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔جنرل (ر) راحیل شریف نے کہا کہ جنگ کے دوران جوانوں کا جذبہ اور اُن کی حب الوطنی بے مثال تھی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو جنگی میدان میں زبردست قابلیت حاصل ہے جبکہ پاک فوج کسی بھی خطرے اور چیلنج کا جرأت مندی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔   مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم اور مسلمانوں کی نسل کُشی پر بات کرتے ہوئے راحیل شریف نے کہا کہ اس معاملے پر عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر خطے میں پائیدا ر امن کے قیام اور تقسیم کا ایک نا مکمل ایجنڈا ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق حل ہونا چاہئیے۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے وزیراعظم عمران خان ، پاک افواج اور پاکستان کی عوام کی کوششوںاور اقدامات کو بھی سراہا۔ یاد رہے کہ پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے 29 نومبر 2016ء کو ریٹائر ہونے کے بعد جنوری 2017ء میں سعودی عرب میں قائم ہونے والے اسلامی اتحاد کی کمان سنبھالی تھی۔سعودی عرب نے 2015ء میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے 34 اسلامی ممالک کا ایک فوجی اتحاد تشکیل دیا تھا جس میں مصر، قطر اور عرب امارات جیسے کئی عرب ممالک کے ساتھ ساتھ ترکی، ملیشیا اور افریقی ممالک بھی شامل ہیں۔ رواں برس سعودی عرب میں اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کرنے والے پاکستان کے سابق آرمی چیف راحیل شریف کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع بھی کی گئی تھی۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button