وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو تبدیل کرنے کی خبروں کا ڈراپ سین، وزیراعظم عمران خان نے بالاخر بڑا فیصلہ سنادیا
لاہور(آوازچترال نیوز )وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو تبدیل کرنے کی خبروں کا ڈراپ سین، وزیراعظم عمران خان نے بالاخر بڑا فیصلہ سنادیا، وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار ان کی ٹیم کا حصہ ہیں،ان کی کارکردگی سے فی الحال مطمئن ہوں، انھیں تبدیل نہیں کر رہا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی تبدیلی کی سب افواہیں دم توڑ گئی ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان نے بڑا اعلان کرتے ہوئے سب پر واضح کردیا ہے کہ میں عثمان بزدار کے ساتھ ہوں۔وزیراعظم عمران خان کی گزشتہ روز سوا دو گھنٹے تک ترجمانوں کی ساتھ میٹنگ جاری رہی۔ اس اجلاس میں انہوں نے سب پر واضح کیا کہ ابھی تو میں عثمان بزدار کے ساتھ ہی کھڑا ہوں، جہاں کام نہیں ہوا وہاں جلد صورتحال بہتر ہو جائے گی، جہاں ریفارمز ہو رہے ہیں، اس کے اثرات جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار میری ٹیم کا حصہ ہیں، میں ان کی کارکردگی سے فی الحال مطمئن ہوں، اس لیے انھیں تبدیل نہیں کر رہا۔وزیراعظم عمران خان نے تمام ترجمانوں کو ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات کو میڈیا میں مثبت انداز میں پیش کریں۔واضح رہے کہ عمران خان چند روز قبل لاہور میں عثمان بزدار کی کارکردگی کی تعریف بھی کر چکے ہیں اور بعض جگہوں پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ معاملات کو مزید بہتر بنایا جائے۔