نوازشریف نے ہمارےلاک ڈاؤن کی حمایت کردی، مولانا فضل الرحمان
لاہور( آوازچترال نیوز) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نوازشریف نے ہمارے لاک ڈاؤن کی حمایت کردی ہے، کیپٹن صفدر نے نوازشریف سے ملاقات سے متعلق آگاہ کیا، آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان18ستمبر کو کریں گے، اہل حکومت سے نجات کیلئے قوم کا ہرطبقہ بے تاب ہے۔ انہوں نے آج یہا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مارچ کیلئے پرعزم ہیں، اسلام آباد مارچ کیلئے رابطہ کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 18ستمبربلائیں گے، اجلاس میں لانگ مارچ کی تاریخ کا تعین کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر آدمی نااہل حکومت سے نجات حاصل کرنے کیلئے بے تاب ہے۔ہمیں قوم کے ہرطبقے سے اچھے تاثرات مل رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میاں نوازشریف نے ہمارے لاک ڈاؤن کی حمایت کردی ہے۔ ن لیگ نے اکتوبر کے آزادی مارچ میں شرکت کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ کیپٹن صفدر نے نوازشریف سے ملاقات سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ترجمان پاک فوج کے بیان کا خیرمقدم کرتاہوں۔ واضح رہے آج کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کے مابین ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ممکنہ ڈیل کی خبروں پر بھی بات چیت ہوئی۔ نواز شریف نے ایسی تمام خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کبھی بھی ڈیل نہیں کروں گا۔قانونی جنگ لڑوں گا، آج بھی ووٹ کو عزت دو کی بات پر قائم ہوں۔اسی طرح مرکزی رہنماء ن لیگ کیپٹن ر صفدر نے کہا کہ میاں نوازشریف بالکل ٹھیک ہیں، میاں نوازشریف نے واضح کہا کہ کوئی ڈیل نہیں ہورہی ہے،نہ میں ڈیلوں پر یقین کرتا ہوں، ان ڈیلوں نے72سالوں میں ملک کا یہ حال کردیا ہے۔اب فیصلے کا وقت ہے میں فیصلہ کروں گا ،ڈیل نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو 22کروڑ عوام ایل اوسی کراس کرکے آزاد کروائیں گے، مودی نے جب دیکھا کہ کمزور حکومت ہے تواس نے مقبوضہ کشمیر پر شب خون ماردیا، کشمیر نعروں ،باتوں، قراردادوں اور کھمبوں پر پوسٹرز لگانے سے آزاد نہیں ہوگا۔