لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کاعمل تیز کرنے کی ہدایت
پشاور (آوازچترال نیوز)۔صوبہ میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کاعمل تیز کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے زیرصدارت لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے حوالے سے جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے بارے میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر کامران بنگش نے پٹواریوں کی جانب سے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کے عمل میں سست روی پر اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کی روز اول سے یہی کوشش ہے کہ عوام کو خدمات کی فراہمی میں کوئی تاخیر نہ ہو، اسی لئے ہم نے خدمات فراہمی مراکز قائم کرنے پر کام تیز کردیا ہے۔ تاکہ عوام کو ایک چھت تلے اہم خدمات کی دستیابی ہو، جس میں سب سے ضروری لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا عمل ہے۔ لیکن پٹواری مافیا نہیں چاہتی کہ عوام کے مسائل ان کی مرضی کے بغیر جلدی حل ہوں۔ اسی لئے یہ لوگ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن عمل میں بھی روڑے اٹکا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ایک ماہ کے لئے پشاور میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے عمل کومزید تیز کر دیا جائے اور پٹواریوں کی ایک ماہ کے لئے چھٹیاں منسوخ کی جائیں تا کہ یہ عمل بروقت اور جلد از جلد مکمل ہو۔ جبکہ جو پٹواری دو دن سے زیادہ غیرحاضر رہے۔ ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے پراجیکٹ ڈائریکٹر خائستہ رحمٰن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرپشاور مشتاق حسین، بورڈ آف ریونیو کے سینئیرکنسلٹنٹ سبحان اللہ سمیت پراجیکٹ مینجر کاشف شیخ نے بھی شرکت کی۔ صوبائی معاون خصوصی کامران بنگش نے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج 06 ستمبر 2019 سے مزید سات موضع جات کی ریکارڈ لائیو کی جائے اور مزید 12موضع جات پر کام اسی مہینے 11 ستمبر تک مکمل کیا جائے تاکہ اس تک عوام کی رسائی 12 ستمبر تک ممکن بنائی جائے۔