کشمیر پر بالواسطہ مودی کا ساتھ دینے کا داغ عمران پر رہیگا، عمران خان نے رزاق داؤد اور جہانگیر ترین کے قرضے معاف کرکے کس احسان کا بدلہ چکایا؟جاوید ہاشمی
ملتان ( آوازچترال نیوز)سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر حکومت کی داخلہ اور خارجہ پالیسی ناکام ہو چکی ہے، عمران خان نے کشمیر کے مسئلے پر بالواسطہ نریندر مودی کا ساتھ دیا، یہ داغ ہمیشہ عمران خان پر رہے گا۔ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہم نے کشمیریوں کو اخلاقی مدد بھی نہیں دی جبکہ وہ ہماری بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اگر بھارت کشمیر پر قابض ہو گیا تو پاکستان پر بھارت چٹکی میں قبضہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر کسی عرب ملک نے ہمارا ساتھ نہیں دیا، عمران خان نے نہ تو ملک میں سیاسی جماعتوں کو یکجا کیا اور نہ ہی وزیرِ خارجہ نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے مدد کی اپیل کی، ورنہ اب تک کشمیر میں مظالم رک چکے ہوتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اکیلے ملک کو نہیں چلا سکتے، حکومت چلانا مذاق نہیں، کیا بارڈر پر ورلڈ کپ میں جیتی ہوئی ٹرافی رکھ کر جنگ جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی نادانیوں اور حماقتوں کی وجہ سے عمران خان دشمن کو فائدہ دے رہے ہیں، ان کے وزیر اور مشیر کھلنڈرے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب عمران خان کو پوری قوم اور سیاسی جماعتوں کو یکجا کرنا چاہیے تھا وہ تب بھی مخالف سیاسی جماعتوں کے خلاف نیب سے کارروائیاں کروا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی انتخابی مہم پر 60 فیصد خرچ کرنے والے رزاق داؤد اور جہانگیر ترین کے قرض معاف کر کے احسان چکا دیا، اربوں کے قرض معاف کر کے ملکی خزانے کو لوٹا گیا۔